پنجاب یونیورسٹی میں معیار ی تعلیم کویقینی بنانے کے لئے ڈیجیٹلائیز کررہے ہیں‘وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی

بدھ 6 اگست 2025 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کے لئے پہلی مرتبہ ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کے مختلف پروگراموںکے لئے موسم خزاں 2025ء سمسٹر کیلئے کیمپس مینجمنٹ سسٹم فیزٹوپرالرازی ہال میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پرپرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام،ڈی جی آئی ٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد مرتضیٰ یوسف،شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران اور آئی ٹی ماہرین نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ اساتذہ کو بھی جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونا ہوگا تاکہ تدریسی عمل میں بہتری لائی جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کووڈ میں آن لائن کی اہمیت اجاگر ہوئی ہمیں اس سے استفادہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا پنجاب یونیورسٹی کی ترقی کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ای آر پی سسٹم کو بھی بروئے کار لائیں گے۔ڈی جی آئی ٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد مرتضیٰ یوسف نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں کیمپس مینجمنٹ سسٹم (سی ایم ایس)یونیورسٹی کے طلباء کے مکمل ڈیٹا کو محفوظ بنانے کے لئے سود مند ثابت ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ اس سسٹم کے تحت ایک طالب علم کے داخلے کے عمل سے لے کر گریجویشن تک ،ہاسٹل کے معاملات کے علاوہ بطور سابق طلباء تمام ریکارڈموجود ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس سسٹم کے تحت ہر شعبہ اپنے شعبہ جات میں تمام طلباء کے ریکارڈ کو آسانی سے منظم کرسکے گااور نیز فیکلٹی ممبران اس کا استعمال کرتے ہوئے آسانی سے اپنی کلاسزاورنتائج کا انتظام کر سکتے ہیں۔