ڈپٹی کمشنر جعفرآباد کی زیر صدارت مختلف محکموں کا ایک اہم جائزہ اجلاس

بدھ 6 اگست 2025 22:26

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت مختلف محکموں کا ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہزکوٰۃ، سوشل ویلفیئر، بہبود آبادی، محکمہ کھیل، محکمہ صنعت و حرفت، بیت المال، پاسکو سمیت دیگر محکموں کے افسران و نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تمام محکموں کے افسران نے اپنے اپنے شعبہ جات میں جاری فلاحی و ترقیاتی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ تمام سرکاری افسران کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا مشن بنائیں اور اپنی تمام تر توانائیاں عوامی فلاح و بہبود اور بہتری کے لیے بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر محکمہ اپنی افادیت اور عوامی اہمیت کے پیش نظر ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کا سبب بنیں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے سختی سے ہدایت کی کہ تمام افسران اپنی جائے تعیناتی پر حاضری کو یقینی بنائیں، اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دوروں کے دوران اگر کوئی بھی افسر اپنی جائے تعیناتی سے غیر حاضر پایا گیا تو اس کے خلاف متعلقہ حکام کو تحریری طور پر اطلاع دی جائے گی اور سخت کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد میں اٹھائے جانے والے تمام اقدامات پر نہ صرف باریک بینی سے نظر رکھے گی بلکہ کارکردگی کو مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ اجلاس کے دوران مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور محکموں کے درمیان باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :