اسپیکرقومی اسمبلی کا دہشتگردی سے ہونے والے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش

بدھ 20 اگست 2025 21:43

اسپیکرقومی اسمبلی کا دہشتگردی سے ہونے والے متاثرین کو خراجِ عقیدت ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2025ء)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے "دہشتگردی کے متاثرین کو یاد کرنے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے عالمی دن" کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن ان معصوم شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کی یاد تازہ کرتا ہے جنہوں نے دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائیوں میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے دہشتگردی کے خلاف لڑنے والے سیکیورٹی اداروں، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور شہدائ کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔اسپیکر نے کہا کہ دہشتگردی سے متاثرہ خاندانوں کے دکھ ناقابلِ فراموش ہیں۔ پاکستان دو دہائیوں سے اس ناسور کے خلاف برسرِ پیکار ہے، جس میں 80 ہزار سے زائد شہری، فوجی جوان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار شہید ہو چکے ہیں، جبکہ ملک کی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان بھی برداشت کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد پاکستان کے امن و ترقی کو سبوتاڑ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں، تاہم پاکستانی قوم نے ہمیشہ اتحاد، جر?ت اور حوصلے کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ کیا ہے۔ اسپیکر نے مزید کہا کہ قومی ایکشن پلان، انسدادِ دہشتگردی کے اقدامات اور سماجی و اقتصادی پالیسیوں کے ذریعے دہشتگردی کے نیٹ ورکس کو کمزور کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی ایک عالمی مسئلہ ہے جس کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کی مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ شہدائ کی قربانیاں قومی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی اپنے پیغام میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہدائ کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور پوری قوم ان کے اہلخانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ پاکستانی عوام اور اداروں نے دہشتگردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دے کر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ اپنے وطن کے امن اور استحکام کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ پائیدار امن کے قیام تک دہشتگردی کے خلاف جنگ بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔