دنیا کے 80 فیصد ممالک فلسطینیوں کی آزاد و خود مختارریاست کو تسلیم کرنے جا رہے ہیں، حافط طاہر اشرفی

بدھ 20 اگست 2025 22:37

دنیا کے 80 فیصد ممالک فلسطینیوں کی آزاد و خود مختارریاست کو تسلیم کرنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)دنیا کے 80 فیصد ممالک فلسطینیوں کی آزاد و خود مختارریاست کو تسلیم کرنے جا رہے ہیں، ایک آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی منزل قریب ہے،سعودی عرب کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی کوششوں سے برطانیہ ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ ، فرانس ، یورپی ممالک نیتن یاہو کی دہشت گردی کے خلاف اہل فلسطین کے ساتھ کھڑے ہو رہے ہیں اور ستمبر کے مہینے میں انشاء اللہ ایک آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کے حوالے سے فلسطینیوں اور اہل اسلام کو بہت سی اچھی خبریں ملیں گی۔

یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ریاض سعودی عرب سے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ اہل فلسطین نے بہت قربانیاں دی ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ ان کی قربانیوں اور جدوجہد کے صلے میں ان کی منزل ان کو مل جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت سعودی عرب کی قیادت کے ساتھ مل کر فلسطینیوں کی ایک آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔

سعودی عرب کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان، پاکستان کے فیلڈ مارشل جنرل حافظ سید عاصم منیر، وزیر اعظم میاں شہباز شریف ، صدر مملکت آصف علی زرداری اور پاکستان کی تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کا موقف ایک ہے۔ ہم کل بھی اہل فلسطین کے ساتھ تھے ، ہم آج بھی اہل فلسطین کے ساتھ ہیںاور دعا گو ہیں کہ اللہ تبارک و تعالیٰ اہل فلسطین اور اہل کشمیر کو ان کی منزل جلد عطا فرمائیں اور ان کو ظلم اور ستم سے نجات ملے۔