ڈپلومہ اِن کامرس سالانہ امتحانات 2025 طلبہ سے رشوت طلبی پر شدید تشویش

جمعرات 7 اگست 2025 16:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء) سالانہ امتحانات 2025(ڈپلومہ اِن کامرس)کے دوران امتحانی مراکز میں بدعنوانی کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔ متعدد طلبہ نے شکایت کی ہے کہ امتحانی مراکز کے سینٹر سپرنٹنڈنٹس ان سے پیپر کلیئر کروانے یا "مسائل سے بچانی" کے عوض پیسے طلب کر رہے ہیں، جو کہ انتہائی تشویشناک اور قابلِ مذمت عمل ہے۔

(جاری ہے)

طلبہ اور والدین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کے مطابق کچھ سینٹر سپرنٹنڈنٹس نے کھلے عام رشوت کی پیشکش کی اور امتحانی ماحول کو مکمل طور پر غیر تعلیمی اور غیر اخلاقی بنا دیا۔ ان الزامات نے امتحانات کی شفافیت اور میرٹ پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ادارے کی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے فوری طور پر مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ ان شکایات کا سنجیدگی سے نوٹس لیں، تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیں، اور ان افراد کے خلاف فوری کارروائی کریں جو تعلیم کے مقدس شعبے کو بدنام کرنے کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ہماری نوجوان نسل کا مستقبل دائو پر لگ چکا ہے اور اس وقت سخت اور بروقت ایکشن ناگزیر ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :