ثانوی تعلیمی بورڈ ایبٹ آباد نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا

ہفتہ 26 جولائی 2025 16:38

ثانوی تعلیمی بورڈ ایبٹ آباد نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) ثانوی تعلیمی بورڈ ایبٹ آباد نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ کنٹرولر امتحانات پروفیسر بابر ایاز عباسی نے ہفتہ کے روز ایبٹ آباد بورڈ کے آڈیٹوریم ہال میں پوزیشن ہولڈرز طلبہ کے ناموں کا اعلان کیا۔ آرٹس اور سائنس گروپ میں پہلی تینوں پوزیشنیں طالبات نے حاصل کر لیں۔ آرٹس گروپ میں سرکاری سکولوں کی طالبات نے پہلی تین پوزیشنیں حاصل کیں۔

سائنس گروپ میں پہلی اور دوسری پوزیشن جناح جامع سکول ہری پور جبکہ تیسری پوزیشن تعمیر وطن مانسہرہ کیمپس کی طالبہ نے حاصل کی۔ کنٹرولر امتحانات کے مطابق سائنس گروپ میں جناح جامع پبلک سکول کی طالبات سدرہ سعید الرحمن نے 1161 نمبر حاصل کر کے ایبٹ آباد بورڈ میں پہلی، اریبہ جدون نے 1159 نمبر حاصل کر کے دوسری جبکہ تعمیر وطن پبلک سکولز اینڈ کالجز مانسہرہ کیمپس کی طالبہ نے زوفشاں احمد نے 1158 نمبر حاصل کر کے ایبٹ آباد بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

آرٹس گروپ میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سرائے صالح ہری پور کی طالبہ اریبہ نذیر نے 1069 نمبر حاصل کر کے ایبٹ آباد بورڈ میں پہلی، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سرائے نعمت خان ہری پور کی طالبہ انعم بی بی نے 1050 نمبر حاصل کر کے دوسری جبکہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بگڑہ ہری پور کی طالبہ وجیہہ خان نے 1044 نمبر حاصل کر کے ایبٹ آباد بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 71 ہزار 629 طلباءو طالبات نے میٹرک کے امتحان میں حصہ لیا، 57 ہزار 543 طلباءو طالبات نے کامیابی حاصل کی، نتائج کا تناسب 80.68 فیصد رہا۔