روس کے خلاف سرگرم ہیکر گروپوں کی تعداد 70 سے تجاوز کر گئی ، مزید اضافے کا خدشہ

جمعہ 8 اگست 2025 12:10

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) روس کے خلاف سرگرم ہیکر گروپوں کی تعداد 70 سے تجاوز کر چکی ہے اور ان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ تاس کے مطابق یہ انکشاف معروف سائبر سکیورٹی ادارے کیسپرسکی لیب کی منیجنگ ڈائریکٹر برائے روس و دولتِ مشترکہ ریاستیں (سی آئی ایس ) آنا کُلاشووا نے ایک انٹرویو میں کیا۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے آغاز سے اب تک سات نئے ہیکر گروپس منظرِ عام پر آئے ہیں جو روسی اداروں، ڈھانچوں اور کمپنیوں کو سائبر حملوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

ان کے مطابق، ان میں وہ گروپس بھی شامل ہیں جو "اینٹی رشین ہیکٹیوزم" سے منسلک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہمارے اعداد و شمار کے مطابق، روس کے خلاف سرگرم ہیکر گروپوں کی تعداد 70 سے زائد ہے۔ ان گروپوں کی سرگرمیاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور ان کے اہداف میں روسی اسٹرکچرز اور تجارتی ادارے سرفہرست ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ برس 2026 میں بھی ان حملوں میں کمی کے کوئی آثار نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک عالمی رجحان ہے جس کے تحت نہ صرف روس بلکہ دنیا کے دیگر ممالک بھی ان سائبر خطرات کی زد میں آ رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ روس مخصوص سائبر گروپوں کے لیے خاص دلچسپی کا مرکز ہے، اس لیے ہم آئندہ بھی ان کے حملوں اور سرگرمیوں میں تسلسل کی توقع کر رہے ہیں ۔ سائبر سکیورٹی ماہرین کے مطابق ان حملوں سے بچاؤ کے لیے جدید دفاعی حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت ہے، تاکہ ملکی سلامتی اور حساس معلومات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :