سعودی عرب اور امریکا کے درمیان فوجی شراکت داری کا معاہدہ

جمعہ 22 اگست 2025 21:07

سعودی عرب اور امریکا کے درمیان فوجی شراکت داری کا معاہدہ
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2025ء)سعودی عرب کی وزارت دفاع کا امریکی نیشنل گارڈ کے ساتھ فوجی شراکت داری کا معاہدہ طے پا گیا ، جس میں ریاستِ انڈیانا اور اوکلاہوما کے وفود نے بھی شرکت کی۔عرب ٹی وی کے مطابق یہ معاہدہ ریاض کے افسران کلب میں منعقدہ تقریب کے دوران طے پایا، جس میں دونوں ممالک کے اعلی حکام اور سعودی وزارت داخلہ اور نیشنل گارڈ کے ذمہ دار بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

معاہدہ کئی اہم شعبوں کا احاطہ کرتا ہے، جن میں مشترکہ دفاعی صلاحیتوں کی ترقی، سعودی مسلح افواج کی تیاری میں اضافہ، مشترکہ فوجی مشقیں، کمانڈ اورسٹریٹجک منصوبہ بندی کی تربیت، ہنگامی حالات اور آفات سے نمٹنے کے انتظام میں بہتری اور پائیدار ادارہ جاتی شراکت داری قائم کرنا شامل ہے۔مستقبل میں منصوبوں میں دونوں ممالک میں دو طرفہ دورے، مشترکہ فیلڈ مشقیں، افسران کے تبادلے، تجربات کا تبادلہ، قیادت، منصوبہ بندی، مصنوعی ذہانت ، بحران سے نمٹنے کے شعبوں میں ورکشاپس اور ثقافتی و معاشرتی منصوبے شامل ہوں گے، جو دونوں فریقین کے تعاون اور قربت کو بڑھائیں گے۔