شیخ زاید گرینڈ مسجد کی عالمی درجہ بندی میں نمایاں ترقی، مشرق وسطیٰ کی سرفہرست سیاحتی علامت قرار

جمعہ 8 اگست 2025 17:02

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) شیخ زاید گرینڈ مسجد، ابوظہبی نے سیاحتی ویب سائٹ ٹریپ ایڈوائزر کی جانب سے جاری کردہ 2025 کے بہترین سیاحتی مقامات کی عالمی فہرست میں آٹھویں پوزیشن حاصل کر لی ۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق سیاحتی ویب سائٹ ٹریپ ایڈوائزر کی رواں سال کی ٹاپ ایٹریکشنز کی عالمی فہرست میں شیخ زاید گرینڈ مسجد، ابوظہبی نے آٹھویں پوزیشن حاصل کر لی جو کہ گزشتہ سال کی درجہ بندی کے مقابلے میں دو درجے بہتری ہے۔

یہ مسجد مسلسل دوسرے سال مشرق وسطیٰ کی سب سے اعلیٰ درجہ یافتہ علامت قرار پائی ہے۔یہ عالمی رینکنگ 80 لاکھ سے زائد عالمی آراء پر مبنی ہے، اور شیخ زاید مسجد کو دنیا بھر کی تمام سیاحتی لینڈ مارکس کے ایک فیصد بہترین مقامات میں شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

فجیرہ میں واقع شیخ زاید مسجد نے بھی حالیہ دنوں میں وزیٹر سروسز کے آغاز کے بعد، دنیا کے ٹاپ 10 فیصد سیاحتی مقامات کی فہرست میں جگہ بنا لی ہے، جو متحدہ عرب امارات کی ثقافتی سیاحت میں ایک اور سنگِ میل ہے۔

شیخ زاید گرینڈ مسجد سینٹر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر یوسف العبیدلی نے اس کامیابی کو اماراتی قیادت کے وژن اور مرکز کی طرف سے مہمانوں کے تجربات کو بہتر بنانے کی حکمت عملی کا نتیجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسجد اب سالانہ 70 لاکھ سے زائد زائرین کا خیرمقدم کر رہی ہے اور ثقافتی و مذہبی ہم آہنگی کی عالمی علامت بن چکی ہے۔شیخ زاید گرینڈ مسجد میں زائرین کے لیے کئی جدید اور متنوع سیاحتی تجربات متعارف کروائے گئے ہیں، جن میں "ان دیکھی جھلکیاں " جیسی خصوصی رہنمائی پر مبنی ٹورز، "سورا" کے عنوان سے ایک روح پرور شام کا تجربہ، اور "الدلیل" نامی ایک کثیر لسانی ڈیوائس شامل ہے، جو مختلف زبانوں میں معلومات کی فراہمی کو ممکن بناتی ہے۔

اس کے علاوہ، مسجد میں متعدد سہولیات جیسے سوق الجامع، جاگنگ ٹریکس، نمائش ہالز اور "امن کا گنبد" جیسی جدید تنصیبات بھی شامل کی گئی ہیں، جو زائرین کو ایک مکمل، آرام دہ اور ثقافتی لحاظ سے بامقصد تجربہ فراہم کرتی ہیں۔مسجد میں وقتاً فوقتاً دنیا بھر کے اہم ثقافتی اور تاریخی موضوعات پر مبنی عالمی نمائشوں کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے، جن میں "الاندلس: تاریخ و تہذیب" اور "اسلامی سکے: تاریخ کا انکشاف" جیسی نمائشیں شامل ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ "لائٹ اینڈ پیس میوزیم" اور "دیّا" کے نام سے ایک جدید، انٹرایکٹو تجربہ بھی زائرین کو پیش کیا جاتا ہے۔ ان تمام اقدامات کا مقصد شیخ زاید مسجد کو نہ صرف ایک روحانی مقام بلکہ ایک فعال عالمی ثقافتی مرکز اور بین المذاہب امن و ہم آہنگی کے پلیٹ فارم کے طور پر فروغ دینا ہے۔\932