بیجنگ میں ورلڈ روبوٹ کانفرنس 2025 شروع ، 100 سے زائد جدید روبوٹس کی پہلی جھلک منظرِ عام پر

جمعہ 8 اگست 2025 17:02

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) چین کے دارلحکومت بیجنگ میں پانچ روزہ ورلڈ روبوٹ کانفرنس 2025 کا آغاز ہو گیا۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق ورلڈ روبوٹ کانفرنس (ڈبلیو آر سی) 2025 کا باضابطہ افتتاح جمعہ کو بیجنگ میں ہوا، جہاں 100 سے زائد جدید ترین روبوٹ مصنوعات پہلی بار منظرِ عام پر لائی گئیں،جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً دو گنا اضافہ ہے۔

یہ کانفرنس جمعہ سے منگل تک بیجنگ اکنامک۔ٹیکنالوجیکل ڈویلپمنٹ ایریا، جسے "بیجنگ ای ٹاؤن" کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، میں جاری رہے گی۔ اس سال کا مرکزی موضوع "روبوٹس کو مزید ہوشیار بنانا، مجسم ایجنٹس کو زیادہ ذہین بنانا" ہے۔اس کانفرنس میں 200 سے زائد عالمی روبوٹکس کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں، جو 1,500 سے زیادہ مصنوعات کی نمائش کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مختلف فورمز، مقابلے، نمائشیں اور نیٹ ورکنگ ایونٹس بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔مرکزی فورم اور 20 سے زائد موضوعاتی فورمز میں 400 سے زیادہ ماہرین، سائنسدان، بین الاقوامی اداروں کے نمائندگان اور کاروباری شخصیات شریک ہوں گی، جو روبوٹکس کے میدان میں ٹیکنالوجی، انڈسٹری کے رجحانات، اور اختراعات پر گفتگو کریں گے۔شرکاکو مستقبل کی ذہین مشینوں کا مشاہدہ کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے، جن میں چار ٹانگوں والے پھرتیلے روبوٹس، ریسکیو روبوٹس، معائنہ کرنے والے روبوٹس، کیتھیٹر بنانے والے جدید روبوٹس اور خودکار لان کاٹنے والے روبوٹس شامل ہیں۔

انسان نما روبوٹس (ہیومینائیڈ) اس کانفرنس کا خصوصی مرکزِ نگاہ ہیں، جنہیں 50 مختلف مینوفیکچررز نے اپنی نئی تخلیقات کے ساتھ پیش کیا ہے۔کانفرنس کے دوران 31 سے زائد ضمنی سرگرمیاں بھی منعقد کی جائیں گی، جن کا مقصد بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا، روبوٹ ٹیکنالوجی کے عملی اطلاق کو وسعت دینا، تکنیکی کامیابیوں کو تیز کرنا، اور صنعتی مہارتوں کو پروان چڑھانا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں چین نے دنیا بھر میں دوتہائی روبوٹ پیٹنٹ درخواستیں جمع کروائیں اور 5 لاکھ 56 ہزار صنعتی روبوٹس تیار کیے، جس سے وہ مسلسل دنیا کا سب سے بڑا روبوٹ تیار کنندہ بنا ہوا ہے۔\932

متعلقہ عنوان :