صوبائی وزیر صحت کی زیر صدارت ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کے انتظامات بارے جائزہ اجلاس

جمعہ 8 اگست 2025 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت ضلعی سطح پر ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام اضلاع سے سی ای او ہیلتھ نے آن لائن شرکت کی۔ ایڈیشنل سیکریٹریز ورٹیکل پروگرام، ٹیکنیکل اور ڈی جی ہیلتھ اور ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر ثمرہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر صحت کو اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سروائیکل کینسر سے بچائو کی ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ آغاز 15 ستمبر سے کیا جائے گا جس میں 9 سے 14 سال تک کی بچیوں کی ویکسینیشن کی جائے گی۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اس مہم میں 8 ملین بچیوں کو ویکسینیٹ کرنے کا ہدف مقررکیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت و آبادی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ بھر کی بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچائو کی ویکسینیشن کی جائے گی،مریم نوازکا حکم ہے کہ صوبے کی کوئی بھی بیٹی اینٹی سروائیکل کینسر ویکسیئن سے محروم نہیں رہنی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ایچ پی وی ویکسیئن عالمی ادارہ صحت سے منظور شدہ اور مکمل محفوظ ہے ،اس مہم میں سکولوں کے علاوہ مراکز صحت اور کلینک آن ویلز پر بھی ایچ پی وی ویکسیئن کی سہولت مفت دستیاب ہو گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی سطح پر مانیٹرنگ ٹیمز تشکیل دے کر ویکسینیشن مہم کی مکمل نگرانی کی جائے۔ خواجہ عمران نذیر نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی بچیوں کو اس جان لیوا بیماری سے محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا اور اس مہم کے دوران اپنی بچیوں کو ویکسینیشن ضرور لگوائیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ گھر گھر جا کر ویکسینیشن کی ترغیب دیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کو سروائیکل کینسر سے بچانے کیلئے باقاعدہ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ملک کا پہلا صوبہ ہے جہاں خواتین کو سروائیکل کینسر سے بچانے کیلئے باقاعدہ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، اس مہم کا دائرہ کار سرکاری سکولوں کے علاوہ پرائیویٹ سکولز اور مدرسہ تک بھی پھیلایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیمیں سکولوں میں جا کر بچیوں کو ویکسین دیں گی،اس مہم سے نہ صرف سروائیکل کینسر بلکہ ایچ پی وی سے پیدا ہونے والی دیگر بیماریوں سے بھی بچائو ممکن ہو گا۔ متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے کہا مطلوبہ نتائج کے حصول کے لئے اس مہم میں محکمہ ایجوکیشن سکولز اور ضلعی انتظامیہ کو بھی شامل کیا جائے۔ مہم کی 100 فیصد کامیابی کے لئے جوائنٹ ورکنگ گروپ اور مربوط روابط یقینی بنائے جائیں اور اساتذہ و والدین کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے سیمینار اور آگاہی مہم شروع کی جائے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ آج کی بیٹی کل کی ماں اور آئندہ نسل کی بہتری کے لئے اس کا صحتمند ہونا ضروری ہے۔