سیکرٹری زراعت پنجاب کی زیر صدارت محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان میں کپاس کی فصل سے متعلق جائزہ اجلاس

ہفتہ 9 اگست 2025 20:13

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان میں کپاس کی فصل سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ ہفتہ کو منعقدہ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی، وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی، چیئرمین نیشنل سیڈ ریگولیٹری اتھارٹی ڈاکٹر آصف علی اور محکمہ زراعت کے سینئر افسران شریک تھے ۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں افتخار علی سہو نے کہا کہ صوبہ میں روئی کی 55 لاکھ سے زائد گانٹھوں کے ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں، رواں سیزن میں پنجاب میں 32 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت ہوئی جبکہ خصوصی مہم کے تحت ساڑھے 8 لاکھ ایکڑ پر اگیتی کاشت کا ہدف مکمل کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اب تک 8 لاکھ روئی کی گانٹھوں کے برابر پھٹی کی چنائی مکمل ہوچکی ہے جبکہ فیلڈ رپورٹس کے مطابق کپاس کی موجودہ صورتحال تسلی بخش ہے۔

کاٹن انسپکٹرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ جننگ فیکٹریوں میں آنے والی پھٹی اور گانٹھوں کا درست ریکارڈ مرتب کریں۔ خواتین لیبرز کو صاف چنائی کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے اور کاشتکاروں کی رہنمائی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ سائنسدانوں کو کلائمیٹ اسمارٹ اور مکینیکل ہارویسٹنگ کے قابل کپاس کی اقسام دریافت کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ گندم کی آئندہ فصل کیلئے پرکشش پیکج متعارف کرایا جا رہا ہے جبکہ ہائی ٹیک زرعی مشینری کے فروغ کیلئے بینک آف پنجاب کے ذریعے 3 کروڑ روپے کے بلاسود قرض کی سہولت دی جا رہی ہے۔ آئندہ ماہ 2 ہزار زرعی گریجویٹس وزیر اعلیٰ پنجاب انٹرن شپ پروگرام کے تحت فیلڈ سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔