منیجنگ ڈائریکٹر واسا کی سمارٹ واٹر میٹر پراجیکٹ پر تمام کام ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت

اتوار 10 اگست 2025 15:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے سمارٹ واٹر میٹر پراجیکٹ پر تمام کام ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور یہ بھی واضح کیا کہ شہریوں کو واٹر سپلائی کی معیاری سروسز کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ انہوں نے یہ ہدایت جائیکا ایکسپرٹ ٹیم کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔

اس موقع پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ ثاقب رضا، ڈائریکٹر آئی اینڈ سی عارف سریانی، ڈائریکٹر فنانس شہریار حسن، ڈائریکٹر ریونیو عمر افتخار، ڈائریکٹر جائیکا پراجیکٹ عثمان ضیا و دیگر بھی موجود تھے۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے مزید کہا کہ نومبر کے دوران 8400 سمارٹ واٹر میٹر کی انسٹالیشن کا کام شروع ہو جائے گا جو پہلے مرحلے میں گلستان کالونی نمبر 2 اور جی بلاک میں لگائے جائیں گے اور ان سمارٹ واٹر میٹر کی تنصیب کے بعد میٹر ریڈرز کے بغیر ہی پانی کے استعمال کا ڈیٹا آٹو میٹک طریقے سے حاصل ہو گا اور صارفین کو پانی کے استعمال کے مطابق بل جاری کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سمارٹ واٹر میٹر پراجیکٹ سے اللہ تعالی کی عظیم نعمت پانی کی بچت ہو گی جبکہ شہریوں کو 24 گھنٹے پانی کی سہولیات بھی فراہم ہو سکیں گی۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ آئندہ دو سال کے دوران سمارٹ پراجیکٹ پر مکمل عمل درآمد ہو گا جس کے لئے تمام تر کام جاری کردہ شیڈول کے مطابق جاری رہنا چاہیے۔ اجلاس کے دوران انہوں نے جائیکا پراجیکٹ کے تحت مدینہ ٹاؤن ایکس بلاک اور پیپلزکالونی میں واٹر سپلائی کی سروسز ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانے کی بھی تاکید کی اور اس حوالے سے جائیکا ایکسپرٹ ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :