Live Updates

گوادرمیں پانی کا موجودہ بحران برقی بندش کے باعث ہے، آئندہ سات ماہ تک بارشیں نہ ہوئیں تو آبی بحران پیدا ہوسکتا ہے وزیراعلیٰ بلوچستان

منگل 12 اگست 2025 17:35

گوادرمیں پانی کا موجودہ بحران برقی بندش کے باعث ہے، آئندہ سات ماہ تک ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گوادر میں قلتِ آب اور برقی مسائل کے مستقل حل کے لیے پائیدار بنیادوں پر قابل عمل اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ یہ مسائل بار بار جنم نہ لیں اور عوام کو مشکلات سے نجات حاصل ہو۔ اس عزم کا اظہار انہوں نے گوادر میں پانی کی کمی سے متعلق وفاقی دارلحکومت میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے ویڈیوں لنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات چوہدری احسن اقبال نے کی جبکہ ان کے ہمراہ وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد لغاری اور وفاقی حکومت کے اعلیٰ حکام جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ہمراہ چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، سیکرٹری پی ایچ ای محمد ہاشم غلزئی اور ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گوادر میں قلتِ آب کے مسائل کی بنیادی وجہ بجلی کی بندش ہے جس کے باعث تعمیر شدہ ذخائر میں پانی کی اسٹوریج اور ترسیل میں رکاوٹ پیش آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں پانی ذخیرہ کرنے کی وافر استعداد و صلاحیت موجود ہے ،ڈیم میں موجود ذخائر آئندہ سات ماہ تک شہریوں کی ضروریات پوری کرنے کی گنجائش رکھتے ہیں تاہم برقی تعطل کے باعث یہ پانی شہری ذخیروں اور عوام تک نہیں پہنچ پا رہا ۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ صوبائی حکومت جی پی اے کے ڈی سیلینیشن واٹر پلانٹ سے یومیہ فی گیلن کے حساب سے پانی فراہمی کے لیے ادائیگیاں کر رہی ہے جبکہ اس سلسلے میں تین ماہ کی پیشگی ادائیگی بھی کی جا چکی ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ بحران پانی کی کمی کا نہیں بلکہ بجلی کی مسلسل بندش کا نتیجہ ہے اور پانی کی بلا تعطل ترسیل صرف اسی صورت ممکن ہے جب بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

میر سرفراز بگٹی نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ سات ماہ تک بارشیں نہ ہوئیں تو پانی کے بحران میں شدت آ سکتی ہے، اس لیے برقی اور آبی مسائل کے مستقل اور پائیدار حل کی طرف فوری پیش رفت ضروری ہے ۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ وفاقی اور صوبائی ادارے باہمی رابطے اور منصوبہ بندی کے ذریعے ان مسائل کو جلد از جلد حل کریں تاکہ گوادر کے عوام کو درپیش مشکلات کم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے وہ ذاتی طور پر گوادر جاررہے ہیں تاکہ اقدامات کا جائزہ لیکر انہیں بار آور بنایا جا سکے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات