ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان کا تھانہ نورنگ اور پولیس چوکیات کا اچانک دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

پیر 11 اگست 2025 11:42

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس بنوں ریجن سجاد خان نے تھانہ نورنگ اور مختلف پولیس چوکیات کا اچانک دورہ کیا۔ بنوں پولیس تر جمان کے مطابق اس موقع پر انہوں نے تھانے اور چوکیات کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے تمام حفاظتی اقدامات کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی سجاد خان نے ڈیوٹی پر موجود پولیس جوانوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل اور فرائضِ منصبی کے حالات دریافت کیے اور ان کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کی محنت، بہادری اور قربانیاں خطے میں پائیدار امن کی ضامن ہیں۔

انہوں نے تھانے اور چوکیات کی عمارت، اسلحہ خانہ، ریکارڈ روم، حوالات اور دیگر سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر واضح اور جامع ہدایات جاری کیں۔ ڈی آئی جی بنوں نے اہلکاروں کو تاکید کی کہ وہ ہر وقت چوکس رہیں، ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر انجام دیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔آخر میں ڈی آئی جی سجاد خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں امن کے قیام اور جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔