سيبس یونیورسٹی جامشورو میں بین الجامعات ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ اختتام پذیر، لمس جامشورو نے ٹورنامنٹ جیت لیا

پیر 11 اگست 2025 18:11

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) شہید اللہ بخش سومرو (سيبس) یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز جامشورو میں یومِ آزادی اور مارکہءِ حق کے حوالہ سے منعقده بین الجامعات ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہو گیا۔ ٹورنامنٹ میں سندھ بھر کی ممتاز جامعات کے باصلاحیت کھلاڑیوں نے شرکت کی جنہوں نے اپنی مہارت، کھیلوں کے جذبے اور بین الجامعات ہم آہنگی کا شاندار مظاہرہ کیا۔

ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر چاليس مقابلے ہوئے جبکہ فائنل میں لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (لمس) جامشورو کے علی احمدنے کامیابی حاصل کر کے چیمپیئن کا اعزاز حاصل کیا جبکہ جامعہ سندھ جامشورو کے رافع رنر اپ قرار پائے۔ فائنل میچ سخت مقابلے کے بعد 1-2 راؤنڈ کے قریبی مارجن سے ختم ہوا۔

(جاری ہے)

اختتامی تقریب میں مختلف جامعات کے وائس چانسلرز نے شرکت کی جن میں ميزبان ڈاکٹر ارابیلا بھٹو، ڈاکٹر اکرام الدین اجن، ڈاکٹر خلیل احمد کھمباٹی، ڈاکٹر احمد ولی اللہ قاضی، ڈاکٹر امجد علی آرائیں اور معروف محقق و اسکالر ڈاکٹر منظور سومرو شامل تھے۔

مہمانوں نے فاتح اور رنر اپ کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعلیم کے میدان میں کھیلوں کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا تاکہ طلبہ کی ہمہ جہت ترقی ممکن بنائی جا سکے۔ ٹورنامنٹ میں جن جامعات نے شرکت کی اُن میں سيبس یونیورسٹی جامشورو، لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو، جامعہ سندھ جامشورو، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو، سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈو جام، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد اور اسرا یونیورسٹی حیدرآباد شامل تھیں۔