شکر کریں یہاں پیٹ کمنز اور مچل سٹارک نہیں تھے، پاکستان ٹیم کی شرمناک شکست پر شعیب اختر کا ردعمل

جہاں بھی ایسی کنڈیشنز ہوں گی ہمارے کھلاڑی بے نقاب ہوں گے، سابق فاسٹ بولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 13 اگست 2025 13:17

شکر کریں یہاں پیٹ کمنز اور مچل سٹارک نہیں تھے، پاکستان ٹیم کی شرمناک ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 اگست 2025ء ) سابق قومی فاسٹ بولر شعیب اختر نے ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں بھاری شکست کے بعد پاکستانی ٹیم پر کڑی تنقید کی ہے۔
تیسرے ون ڈے میں پاکستان ٹیم کی شکست کے بعد سرکاری ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے کردار پر بھی سوال اٹھایا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے کوچ بطور ٹی ٹونٹی کوچ اچھے ہیں مگر ون ڈے فارمیٹ میں ان کا انداز سمجھ سے باہر ہے۔

 
شعیب اختر نے کہا کہ ون ڈے میں کامیابی کے لیے بیٹنگ، بولنگ اور اسپن سمیت تمام شعبوں میں آزمودہ کھلاڑیوں کو کھلانا ہوگا۔ اگر آپ معیاری آل راؤنڈرز اور پرفارمرز شامل نہیں کریں گے تو 50 اوور مکمل نہیں ہو پائیں گے، اس فارمیٹ میں بس گزارا نہیں چلتا۔

(جاری ہے)

 

انہوں نے شکست کی ذمہ داری کھلاڑیوں کے بجائے پالیسیوں پر ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ نتیجہ غلط فیصلوں کا ہے، کھلاڑیوں کا قصور نہیں۔

سیم پچز پر ہمیشہ یہی حال ہوگا۔ اب اس ری بلڈنگ کو نیا نام دے دیا گیا ہے کہ کمبی نیشن بنا رہے ہیں۔ 
شعیب اختر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ شکر کریں پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک یہاں نہیں تھے۔ جہاں بھی ایسی کنڈیشنز ہوں گی، ہمارے کھلاڑی بے نقاب ہوں گے۔ 
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے 34 سال بعد پاکستان کو ون ڈے سیریز میں شکست دی ہے۔ 
یہ کامیابی کیریبین ٹیم کی پاکستان کے خلاف 10 سیریز میں مسلسل ناکامی کے بعد پہلی فتح ہے۔ 
آخری بار ویسٹ انڈیز نے نومبر 1991ء میں پاکستان میں سیریز جیتی تھی۔