محکمہ جنگلات مظفرآباد، آرگینک گرورز پرسچہ اور محکمہ وائلڈ لائف کے تعاون سے شجرکاری مہم جاری

پیر 11 اگست 2025 22:15

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) محکمہ جنگلات مظفرآباد، آرگینک گرورز پرسچہ اور محکمہ وائلڈ لائف کے تعاون سے ماحولیاتی رضاکار راجہ شکیل خان کی جانب سے شجرکاری مہم جاری ہے ۔ وائلڈ لائف پارک و چڑیا گھر پٹہکہ میں گزشتہ روز مقامی کمیونٹی اور بچوں نے شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر مظفرآباد سہیل خان، ماحولیاتی رضاکار راجہ شکیل خان، دانیال خان و دیگر نے بھی پودے لگا کر مہم میں بھرپور حصہ لیا۔

(جاری ہے)

شجرکاری و آگاہی مہم میں حصہ لینے والوں کا کہنا تھا کہ ہمارے خطے کا شمار اسوقت موسمیاتی خطرات کےسب سے زیادہ شکار ممالک میں ہوتا ہے، ‬شجر کاری ماحول کو بہتر بنانے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے میں مدد کرتی ہے۔ اس مہم کا مقصد بارشوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ پودوں کو کامیاب بنانا ہے۔ بارشوں کے دوران پودوں کی نشوونما کے لیے نمی اور درجہ حرارت سازگار ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مہم میں مختلف قسم کے درخت لگائے جا رہے ہیں، جن میں مقامی اقسام کو ترجیح دی جارہی ہے۔شجر کاری مہم کے مقاصد میں ماحولیاتی بہتری، موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ، مقامی آبادی کی بہبود، آب و ہوا کو بہتر بنانا اور جنگلی حیات کے لیے رہائش کا انتظام ہے۔