صوبائی وزیر زراعت و لائیوسٹاک پ کی زیر صدارت کسان کارڈ، ٹریکٹرز کی تقسیم اور سولر سسٹم سمیت جائزہ اجلاس

پیر 11 اگست 2025 22:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ایگریکلچر ہائوس لاہور میں زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے جاری اور نئے منصوبہ جات بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ زرعی شعبہ کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی وزیر اعلی پنجاب کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔

جس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے انقلابی پروگرامز جاری ہیں اس سے کسانوں کے معاشی حالات میں بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کاشتکاروں کی کسان کارڈ فیز ٹو کے لیے 6 لاکھ 95ہزار درخواستیں منظور ہو چکی ہیں ۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کسان کارڈ حکومت پنجاب کا ایک فلیگ شپ پروگرام ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ کسان کارڈ ہولڈرز کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ کاشتکار بروقت زرعی مراحل سے مستفید ہوسکیں۔

(جاری ہے)

کسان کارڈ کے دوسرے مرحلے کے دوران مجموعی رقم 94.15ارب روپے مختص کئے گئے جس میں سے کسانوں نے اب تک 49.33ارب روپے کی رقم استعمال کر لی ہے اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب ویٹ سپورٹ پروگرام کے تحت 14ارب روپے کی رقم کسانوں میں تقسیم کی جا چکی ہے۔مزید براں اسی پروگرام کے تحت 978 ٹریکٹرز کاشتکاروں میں شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔

صوبائی وزیر زراعت پنجاب نے مزیدکہا کہ وزیراعلی پنجاب گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت دوسرے مرحلہ کے لیے درخواستوں کی وصولی 13 اگست سے شروع ہو جائے گی اور50ہارس پاور سے65 ہارس پاور کے مقامی طور پر تیار کردہ 10 ہزار ٹریکٹرز کاشتکاروں کو 5لاکھ سبسڈی جبکہ 75 ہارس پاور سے 125 ہارس پاورکے 10ہزار لوکل و درآمد کیے گئے ٹریکٹرز پر 10لاکھ سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے۔

اس پروگرام کے تحت تحصیل کی سطح پر ڈیجیٹل قرعہ اندازی کا انعقاد 15ستمبر کو کیا جائے گا۔صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ ماڈل ایگریکلچر مالزکے قیام کے سلسلے میں ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور سرگودھا کے تعمیراتی کام مکمل ہو چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دوسرے مرحلہ کے دوران پنجاب میں 10 مزید ماڈل ایگری مالز بنائے جائیں گے۔ زرعی گریجویٹس انٹرن شپ پروگرام کے دوسرے مرحلہ کے دوران 2 ہزار مزید زرعی گریجویٹس بھرتی کئے جا رہے ہیں۔

اس ضمن میں نوجوان زرعی گریجویٹس 15 اگست تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں اور اب تک 5300درخواستیں وصول کی جا چکی ہیں۔سولرائزیشن آف ایگری ٹیوب ویلز کی زرعی فارموں پر تنصیب کے پروگرام کے تحت 10،15 اور 20 کلو واٹ سولر سسٹم پر بالترتیب5 لاکھ،ساڑھے7 لاکھ اور 10 لاکھ روپے سبسڈی دی جا رہی ہے۔ اس پروگرام کے تحت اب تک 5068 سولر سسٹم انسٹال کر دئیے گئے ہیں۔یہ اسکیم 30ستمبر تک مکمل کر لی جائے گی۔صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ سولرایزیشن آف زرعی ٹیوب ویلز پروگرام کے مکمل ہونے سے پانی کو محفوظ کرنے کے ساتھ بجلی کی بچت بھی ہو گی۔