فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی فوری کارروائی، فاسٹ فوڈ ہوٹلزکی چیکنگ

فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017اور پیور فوڈ ریگولیشنز 2019پر عملدرآمد بہر صورت یقینی بنائیں گے،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر

پیر 11 اگست 2025 22:24

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء) فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی فوری کارروائی، فاسٹ فوڈ ہوٹلز کی چیکنگ-ہیلپ لائن 1280 پر موصول ہونے والی شکایت پر فوڈ اتھارٹی ڈسٹرکٹ مظفرآباد نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے شہر کے مختلف فاسٹ فوڈز ہوٹلز اور ریسٹورنٹس میں اچانک چیکنگ کی۔ اس کارروائی کے دوران کھانے پینے کی اشیاء کے معیار، صفائی ستھرائی، فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس اور لائسنس کی موجودگی کو چیک کیا گیا۔

اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر قاضی شفیق الرحمان نے ٹیم فوڈ اتھارٹی کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے فوڈ سنٹر پر صفائی ستھرائی کے انتظامات، اشیائے خوردونوش کا معیار، رجسٹریشن اور لیبلنگ سمیت دیگر قانونی تقاضوں کی تفصیلی جانچ کی۔فوڈ اتھارٹی کی جانب سے چیکنگ کے دوران متعدد خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جس پر میں صفائی کے ناقص انتظامات، غیر معیاری اور ناقابل شناخت اشیاء کی فروخت، رجسٹریشن اور لیبلنگ میں کوتاہی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان خلاف ورزیوں پر کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ فوڈ بزنس آپریٹرز کو موقع پر جرمانے اور اصلاحی نوٹسز جاری کرتے ہوئے فوری بہتری کی ہدایات دی گئیں۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد/جہلم ویلی ابرار احمد میر نے کہا کہ عوام کو صحت بخش اور حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017اور پیور فوڈ ریگولیشنز 2019پر عملدرآمد بہر صورت یقینی بنائیں گے۔

فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی شہریوں کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کی مہم کامیابی سے جاری ہے۔فوڈ اتھارٹی کی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے فوڈ بزنس آپریٹرز کیخلاف فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسی کسی بھی شکایت کی صورت میں فوڈ اتھارٹی کے دئیے گئے نمبر 1280پر فوری طور پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکی-