وفاقی، صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی جانب سے بروقت الرٹ کی وجہ سے سیلاب سے کم نقصانات ہوئے ہیں، ڈاکٹر طار ق فضل چوہدری

پیر 11 اگست 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی جانب سے بروقت الرٹ کی وجہ سے سیلاب سے کم نقصانات ہوئے ہیں، زلزلہ کی پیشگی اطلاع یا اس کے نقصانات سے بچنے کیلئے عالمی وارننگ سنٹرز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ پیر کو قومی اسمبلی میں سید حفیظ الدین اور دیگر کے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بالخصوص کراچی میں زلزلوں کے حوالہ سے عوامی آگاہی کی مہمات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مشقوں کی کمی سے متعلق توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایوان کو بتایا کہ این ڈی ایم اے صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے، زلزلہ سمیت تمام قدرتی آفات کے حوالہ سے کام کیا جاتا ہے، بارشوں اور سیلاب کی صورتحال میں بھی این ڈی ایم اے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ این ڈی ایم اے الرٹ جاری کرتی ہے اور تیاریوں کے حوالہ سے آگاہ کرتی ہے، عالمی وارننگ سنٹرز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے 2010 میں منظور ہونے والے ایکٹ کے بعد معرض وجود میں آئی، صوبائی سطح پر پی ڈی ایم اے اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز قائم ہیں، ان کے درمیان کوآرڈینیشن جاری رہتی ہے، قدرتی آفات سے نمٹنے کا عمل ضلع سے شروع ہو کر مرکز تک آتا ہے۔