پی آئی ڈی کے زیراہتمام سیمینار کا انعقاد، مقررین کا پائیدار ترقی و خوشحالی کیلئے اتحاد و یکجہتی پر زور

پیر 11 اگست 2025 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر ِ اہتمام ’’78واں یومِ آزادی :پائیدار ترقی کے لیے کامیابیاں، چیلنجز اور مواقع‘‘ کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد ہوا۔سیمینار میں مقررین نے قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے اتحاد اور یکجہتی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام میں زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں مقام حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صحافی و کالم نگار مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ پاکستان کا قیام ایک تاریخی کامیابی تھی اور آزادی کے بعد ملک نے صنعتی ترقی، قومی ڈھانچے کی تشکیل اور ایٹمی قوت بننے جیسے بڑے سنگ میل عبور کیے۔ انہوں نے کہا کہ نظم و ضبط اپنانے سے ملک کی ترقی کی رفتار کئی گنا بڑھ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

سینئر صحافی ارشاد احمد عارف نے کہا کہ پاکستان میں بے شمار مثبت پہلو ہیں جنہیں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے جبکہ ملک میں روزگار کے مواقع اور بیرونِ ملک جانے والے ہنرمند افراد قومی معیشت میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔

سینئر صحافی سلمان غنی نے کہا کہ پالیسی میں تسلسل پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہے اور اہل قیادت کا انتخاب ملک کے نصف مسائل حل کر سکتا ہے۔سینئر صحافی نصراللہ ملک نے کہا کہ ایک مضبوط معاشرے کے قیام کے لیے انسانی وسائل کی ترقی بنیادی اہمیت رکھتی ہے جبکہ تعلیم اور نوجوانوں کی ہنر سازی پر توجہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ماہر تعلیم ڈاکٹر عرشہ نے کہا کہ پاکستان سیاسی عدم استحکام، غربت اور اندرونی خطرات جیسے مسائل کے باوجود ترقی کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا آغاز فرد کی سطح سے ہونا چاہئے اور الزام تراشی سے گریز کرنا چاہئے۔ماہر تعلیم ڈاکٹر عائشہ جامی نے کہا کہ 2030تک بگ ڈیٹا، مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی اور دیگر جدید ٹیکنالوجی سے متعلق صرف 20شعبے ہی اہم رہ جائیں گے، اس لیے نوجوانوں کو ان مہارتوں سے آراستہ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے بھارتی جارحیت کے منہ توڑ جواب اور دوست ممالک کی حمایت کو پاکستان کی اسٹریٹجک کامیابی قرار دیا۔

تقریب سے پی آئی ڈی لاہور کے ڈائریکٹر جنرل شفقت عباس نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ 78برسوں میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں تاہم غربت، موسمیاتی تبدیلی اور گورننس کے خلا جیسے چیلنجز پر قابو پانے کے لیے اتحاد، وژن اور تسلسل ضروری ہے۔تقریب سے محمد مہدی، افتخار احمد اور نوراللہ نے بھی خطاب کیا۔