سعودی عرب کا آسٹریلیا کے ریاستِ فلسطین کو تسلیم کرنے کے اعلان، نیوزی لینڈ کے غور کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم

پیر 11 اگست 2025 22:40

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) مملکتِ سعودی عرب نے آسٹریلیا کی جانب سے ریاستِ فلسطین کو تسلیم کرنے کے ارادے کے اعلان اور نیوزی لینڈ کی جانب سے اس ضمن میں غور کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ سعودی وزارتِ خارجہ نے پیر کو جاری بیان میں کہا کہ مملکت دو ریاستی حل اور 1967ء کی سرحدوں کے مطابق مشرقی یروشلم کو دارالحکومت بنا کر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے حق میں بڑھتے ہوئے عالمی اتفاقِ رائے کو سراہتی ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں زور دیا گیا کہ موجودہ حالات تمام امن پسند ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ریاستِ فلسطین کو تسلیم کریں اور طویل عرصے سے جاری تنازع کے خاتمے کی کوششوں کو تقویت دیں۔ سعودی عرب نے واضح کیا کہ اسرائیل کی جانب سے جاری بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کی خلاف ورزیوں کے تناظر میں یہ اقدام نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کے لیے پائیدار امن اور انصاف کے قیام کی ہر کوشش کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔