صدرِ مملکت سے وفاقی وزیر برائے مذہبی اُمور کی ملاقات، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، مذہبی رواداری کے فروغ اور بین المذاہب ہم آہنگی پر تبادلہ خیال

منگل 12 اگست 2025 15:59

صدرِ مملکت سے وفاقی  وزیر برائے مذہبی اُمور کی ملاقات، اقلیتوں کے  حقوق ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر برائے مذہبی اُمور سردار محمد یوسف نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی اور اقلیتی حقوق کے تحفظ، مذہبی رواداری کے فروغ اور بین المذاہب ہم آہنگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے منگل کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو غیر قانونی قبضوں سے واگزار کرانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے وزارتِ مذہبی امور کی اقلیتی برادری کے حقوق کے لیے کاوشوں کو سراہا۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بتایا کہ اقلیتی فلاحی فنڈ سے 2 ہزار 236 طلبہ کو 6 کروڑ روپے کے تعلیمی وظائف دیئے گئے ہیں جبکہ ایک ہزار 231 ضرورت مند افراد کو مالی امداد فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ 32 اقلیتی عبادت گاہوں کی مرمت اور تزئین کے لیے 4 کروڑ 50 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا کہ بیساکھی، گورو نانک دیو جی کی سالگرہ، کٹاس راج اور سادھو بیلا جیسی تقریبات کے لیے سہولیات بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام کے لیے مختلف مذاہب کے علما سے مشاورت کی جاتی ہے۔ وفاقی وزیر نے اقلیتی برادری کے مسائل کے حل اور اُن کے حقوق کے فروغ میں دلچسپی اور تعاون پر صدر آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا ۔\932