ٹول پلازوں کے فاصلے اور فیسوں کو معقول اور مساوی بنانے کے حوالے سےبل قومی اسمبلی میں پیش

منگل 12 اگست 2025 16:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) پارلیمانی سیکرٹری گل اصغر خان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں ٹول پلازوں کے فاصلے اور فیسوں کو معقول اور مساوی بنانے کے حوالے سے 1991 کا ایکٹ موجود ہے اسی طرح کے دوسرے بل لانے سے یہ "ڈپلیکیشن" ہو جائے گی تاہم اس کے باوجود بل ایوان میں پیش کردیا گیا۔

(جاری ہے)

منگل کو قومی اسمبلی میں سید ابرار علی شاہ نے ٹول پلازوں کے فاصلے و فیسوں کو معقول اور مساوی بنانے کا بل 2025 پیش کرنے کی اجازت چاہی جس کے جواب میں وزیر قانون نے کہا کہ یہ خالصتاً پالیسی معاملہ ہے،اگر ہر چیز پر قانون سازی کرنی ہے تو پھر مشکل ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری گل اصغر نے کہا کہ 1991 کا قانون موجود ہے اس قانون میں جو چیزیں اٹھائی گئی ہیں وہ اس ایکٹ میں موجود ہیں۔اس طرح یہ دوہرا بل ہو جائے گا۔سی پی آئی انڈیکس کے ساتھ ہماری نیشنل کونسل بنی ہوئی ہے ہم اس کے تحت ٹول بڑھاتے ہیں۔اعجازجاکھرانی نے کہا کہ چیئرمین این ایچ اے پارلیمانی کمیٹی کو سنجیدہ نہیں لیتے۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ اگر ایسا ہے تو تحریک استحقاق لائی جائے۔میں بھی اس میں شریک ہو جائوں گا۔انہوں نے بل ایوان میں پیش کرنے کی تحریک کی منظوری دی جس کے بعد ابرار علی شاہ نے بل ایوان میں پیش کیا۔