ڈیرہ اسماعیل خان ، ڈیرہ پولیس اور سی ٹی ڈی نےدہشت گردوں کے خلاف مشترکہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا

منگل 12 اگست 2025 16:44

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ کی زیر قیادت ڈیرہ پولیس اور سی ٹی ڈی کا بگی قمر،نظامی، عبد الخیل سمیت سی پیک ایریا میں دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ چند مشکوک افراد تھانہ پنیالہ کی حدود میں واقع علاقوں بگی قمر، نظامی، عبد الخیل سمیت سی پیک ایریا میں موجود ہیں۔

اطلاع پر فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان سید اشفاق انور اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ سجاداحمدصاحبزادہ کی براہ راست نگرانی میں ڈیرہ پولیس اور کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)نے مشترکہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا،آپریشن کے دوران جدید ٹیکنالوجی، خصوصا ڈرون کیمروں کا استعمال کرتے ہوئے علاقے کے مشتبہ گھروں اور مقامات کی نگرانی کی گئی،جہاں اشتہاری ملزمان اور دہشتگرد عناصر کی موجودگی کی اطلاعات تھیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آر پی او ڈیرہ کا کہنا تھا کہ ایسے مربوط آپریشنز کا مقصد سی پیک روٹ کو سماج دشمن عناصر اور جرائم سے پاک کرنا ہے تاکہ شہریوں کو تحفظ کا احساس دلایا جا سکے۔ ایسے آپریشنز سے نہ صرف جرائم پیشہ عناصر کا نیٹ ورک ٹوٹتا ہے بلکہ عوام کا اعتماد بھی پولیس پر بڑھتا ہے۔ ہماری اولین ترجیح ہے کہ پورے ریجن میں امن و امان کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے۔

قبل ازیں رینج آفس ڈیرہ اسماعیل خان میں زیر قیادت ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ سید اشفاق انور کے سی پیک موٹروے کو پرامن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اعلی سطحی اجلاس بھی منعقد کیا گیا تھا۔جس میں ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ، ڈی پی او لکی نذیرخان، ایس پی موٹروے،ایس پی سی ٹی ڈی ڈیرہ، ایس پی پہاڑپور پور، ایس ڈی پی اوز پہاڑپور، پنیالہ سمیت ایس ایچ اوز سرکل نے شرکت کی۔

اس موقع پر آر پی او ڈیرہ نے ڈیرہ اور لکی دونوں اضلاع کی پولیس، سی ٹی ڈی سمیت موٹروے پولیس کے مابین ہم آہنگی،انٹیلی جنس شیئرنگ کو مضبوط بناتے ہوئے مشترکہ گشت اور سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کو مذید بڑھانے کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج کے شر پسند عناصر کے قلع قمع کرنے کے لیے قریبی روابط رکھنے،باہمی تعاون اورجدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے تاکہ درپیش چیلنجز سے بطریق احسن نمٹا جائے۔اس موقع پر انہوں نے اجلاس کے شرکا پر زور دیا کہ سی پیک کی سیکیورٹی اور عوام الناس کو محفوظ سفر فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔\378