صوبائی وزیرسیدعاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت اجلاس ، جنوبی پنجاب کی دیہی خواتین میں اثاثہ جات کی تقسیم کے دوسرے مرحلے کا جائزہ لیا گیا

منگل 12 اگست 2025 22:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) صوبائی وزیر لائیو سٹاک و زراعت سیدعاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں لائیو سٹاک کارڈ فیز ٹوو جنوبی پنجاب کی دیہی خواتین میں اثاثہ جات کی تقسیم کے دوسرے مرحلے اور وزیر اعلی کے دوسرے انشیٹیوز(منصوبوں)پر پیش رفت اور ٹائم لائنز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے لائیو سٹاک سردار عاصم میکن اور سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب احمد عزیز تارڑ نے شرکت کی۔

صوبائی وزیرنے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے لائیو سٹاک سیکٹر میں کامیاب منصوبوں کے ثمرات سے مویشی پال کسان مستفید ہوئے ہیں اور ان کے معاشی حالات میں بہتری آئی ہے۔انھوں نے پنجاب کے تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز و ایڈیشنل ڈائریکٹرز کو لائیو سٹاک کارڈ فیز ون کی96فیصد ریکوری مکمل کرنے پر شاباش دی اور انکی عمدہ کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ یہ اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ تمام ڈائریکٹرز محکمہ کی جانب سے دیئے گئے ٹاسک کو پورا کرنے کے لیے حتی الامکان کوشش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے باقی 4فیصد ریکوری کی رقم کو جلد از جلد پورا کرنے کی ہدایت بھی کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ لائیو سٹاک کارڈ فیز ٹو کا مرحلہ 6ماہ پر مشتمل ہے اور اس میں 3 لاکھ جانوروں کے لیے بلا سود قرض جاری کیا جائے گا جبکہ ایک مویشی پال کسان کیلئے جانوروں کی تعداد کو بڑھا کر 5سے 20 کے درمیان کر دیا گیا ہے۔صوبائی وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لائیو سٹاک کارڈ فیز ٹو کے لیے اب تک ایک لاکھ 56ہزار درخواستیں وصول ہو گئی ہیں۔

جبکہ اربن یونٹ نے اب تک مویشی پال کسانوں کی 5906 درخواستیں منظور کر لی ہیں جن کے پاس 54000 جانور موجود ہیں۔جبکہ اربن یونٹ کی جانب سے جانوروں کی فزیکل وریری فکیشن کا کام جاری ہے۔ صوبائی وزیر نے ڈویژنل و ڈسٹرکٹ ڈائریکٹرز و ایڈیشنل ڈائریکٹرز لائیو سٹاک کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ فارمرز کو اس اسکیم سے مستفید کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ فارمرز لائیو سٹاک کی ایپ 9211 پر رجسٹرڈ ہو سکیں۔

انھوں نے یکم ستمبر سے لائیو سٹاک کارڈ کی تقسیم کے لیے میڈیا کمپین چلانے کی ہدایت کی تاکہ کسان اس کے فوراً بعد اپنے کارڈ کو ایکٹیویٹ کرواسکیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے 6اضلاع کی ٹوٹل 12تحصیلوں کی دیہی خواتین میں اسکیم کے فیز ٹو میں 5500 جانوروں کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی اور اس کے لیے درخواستیں 20جون سے شروع ہو کر 14اگست تک وصول کی جا رہی ہیں ۔

صوبائی وزیر لائیو سٹاک کو بتایا گیا کہ لائیو سٹاک اثاثہ جات کی تقسیم کے سلسلے میں اب تک 81ہزار سے زیادہ درخواستیں وصول ہو چکی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت جنوبی پنجاب کی خوش نصیب خواتین کے نام ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے 30اکتوبر کو نکالیں جائیں گے۔ صوبائی وزیر لائیو سٹاک کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ کی جانب سے اب تک جعلی سمین فروخت کرنے مافیا اور غیر قانونی طور پر جانوروں کو ذبح کرنے والے عناصر کے خلاف موثر کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں جس کے تحت جعلی سمین فروخت کرنے والوں کے خلاف 130ایف آئی آرز اور غیر قانونی طور جانوروں کو ذبح کرنے والے عناصر کے خلاف 57ایف آئی آرز درج کروائی گئی ہیں اور ان عناصر پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے جبکہ غیر معیاری دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف موثر کریک ڈاون کرکے 2ایف آئی آرز کٹوائی گئی ہیں۔

صوبائی وزیر نے ڈویژنل ڈائریکٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کارروائیوں کا سلسلہ مسلسل جاری رہنا چاہیے۔سید عاشق حسین کرمانی کو بریفنگ کے دوران سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025۔26 کے تحت مختلف اسکیمز اور پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے مختص کئے گئے فنڈز بارے بتایا گیا۔صوبائی وزیر لائیو سٹاک کو اگلے مالی سال 2025۔26 کے بجٹ میں وزیر اعلی کے نئے انشیٹیوز ، لائیو سٹاک کی پیداوار بڑھانے کے لیے ہرڈ ٹرانسفارمیشن،لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ انٹرن شپ پروگرام ،پروگریسو کنٹرول آف فٹ اینڈ موتھ ڈیزیز ِان پنجاب، ضلع بہاولنگر میں ایف ایم ڈی فری زون اور ضلع کی سطح پر جانوروں کی ہیلتھ و ویلفیئر کے لیے ایکس رے و سرجیکل سہولیات کی فراہمی اور دوسرے منصوبوں سے متعلق بریف کیا گیا۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر ضلع بہاولنگر میں فری زون کے لیے فزیبلیٹی رپورٹ تیار کرنے اور ڈیپارٹمنٹ کا ایک الگ ڈائریکٹوریٹ بنانے کی ہدایت جاری کی۔ انھوں نے کہا کہ یہ ڈیزیز فری زون اچھی نسل کے جانوروں کی برآمدات کے لیے ایک ہب ثابت ہو گا جبکہ ہرڈ ٹرانسفارمیشن ملک میں گوشت اور دودھ کی بہتر پیداوار کا ایک ذریعہ ثابت ہو گا۔ صوبائی وزیر نے ان تمام منصوبوں کی ٹائم لائنز پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری جنوبی پنجاب(لائیو سٹاک)اسد نعیم،ایڈیشنل سیکرٹری(ٹیکنیکل) لائیو سٹاک ڈاکٹر عثمان طاہر، ڈائریکٹر جنرلز توسیع اورپروڈکشن (لائیو سٹاک) کے علاوہ پی آئی ٹی بی،بینک آف پنجاب اور اربن یونٹ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔جبکہ تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز و ڈسٹرکٹ ایڈیشنل ڈائریکٹرز آن لائن اجلاس میں موجود تھے۔