ٹکراون کی عوام کیلئے ایک ارب روپے مالیت کی واٹر سپلائی سکیم کی منظوری دی گئی ہے ،صوبائی وزیر زراعت

منگل 12 اگست 2025 19:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) خیبرپختونخوا کے وزیرِ زراعت میجر (ر) محمد سجاد بارکوال نے کہا ہے کہ ٹکراون کی عوام کیلئے ایک ارب روپے مالیت کی واٹر سپلائی سکیم کی منظوری دی گئی ہے جس پر عنقریب عملی کام شروع کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرک میں اپنے حلقہ کے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے ٹکراون کے تمام دیہات اور گھروں کو صاف، محفوظ اور تازہ میٹھا پانی فراہم کیا جائے گا۔

منصوبے کی تکمیل کے بعد علاقے میں پانی کی قلت ختم ہو جائے گی اور کمیونٹی کیلئے صحت کی سہولیات تک رسائی بہتر ہوگی۔ سجاد بارکوال نے کہا کہ یہ کامیابی عوام کے اعتماد اور قیادت کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوامی خدمت اور ترقی کے اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

(جاری ہے)

وزیرِ زراعت نے اس اسکیم کی منظوری کو علاقائی ترقی اور خوشحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کمونگر واٹر سپلائی سکیم پر کام تیز کیا جائے تاکہ منصوبہ بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل ہو اور عوام اس کے ثمرات سے استفادہ کر سکیں۔