وزیر اعلی بلوچستان کی زیر صدارت اجلاس،گرین اورپنک بس اکتوبرتک مکمل کرنے کی ہدایت

پیر 29 ستمبر 2025 14:58

وزیر اعلی بلوچستان کی زیر صدارت اجلاس،گرین اورپنک بس اکتوبرتک مکمل ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کو سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، تمام محکمے جنوری تک منظور شدہ اسکیموں کی تکمیل ہر صورت یقینی بنائیں، گرین اور پنک بس منصوبہ اکتوبر تک مکمل اور کام کرنیو الی خواتین کو آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کرکے انہیں خودمختار بنایاجائیگا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو پی ایس ڈی پی منصوبوں پر عملدرآمد سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میںصوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی، مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ ،وزیر تعلیم راحیلہ حمیددرانی ،چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات اور تمام محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات نے جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلی نے تیزی سے منصوبوں پر عملدرآمد کرنے والے محکموں کو شاباش دی جبکہ سست روی کے مرتکب محکموں پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔انہوں نے ہدایت دی کہ تمام محکمے جنوری تک منظور شدہ اسکیموں کی تکمیل ہر صورت یقینی بنائیں۔ اجلاس میں گرین بس منصوبے کی توسیع پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا کہ نئی گرین بسوں کی خریداری مکمل ہوچکی ہے جو اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں کراچی پورٹ پہنچ جائیں گی۔

وزیر اعلی نے گرین اور پنک بس منصوبے کو اکتوبر میں ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کو سہولت دینے کے لیے بسوں کی تعداد بڑھائی جائے جبکہ خواتین کے لیے خصوصی پنک بس سروس بھی جلد شروع کی جائے۔مزید برآں ورکنگ ویمن کے لیے آسان اقساط پر الیکٹرک بائیک فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ خواتین کو خودمختار بنایا جا سکے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ آئندہ بجٹ کے لیے مئی تک مجوزہ اسکیموں کی ٹیکنیکل اپروول مکمل کی جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد اور معیار کی سخت نگرانی چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم کے ذریعے یقینی بنائی جائے گی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ بلوچستان کے عام آدمی کی مشکلات کم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہر محکمہ اس سلسلے میں فعال کردار ادا کرے۔