آئی جی پنجاب سےاے ایس آئی زوار حسین کی اہلخانہ کے ہمراہ ملاقات، نورالھدی کو تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی پر شاباش دی

منگل 12 اگست 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے اے ایس آئی زوار حسین نے اہلخانہ کے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اے ایس آئی زوار حسین کی بیٹی نور الھدی نے میٹرک کے امتحان میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور بورڈ میں سیکنڈ جبکہ پنجاب بھر میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

آئی جی پنجاب نے نورالھدی کو تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی پر شاباش دی اور بھرپور حوصلہ افزائی کی۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے سخت محنت و لگن سے بچوں کو تعلیم دلوانے پر اے ایس آئی زوار حسین کو خراج تحسین پیش کیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ اے ایس آئی زوار حسین اور ان کی اہلیہ مشکل حالات کے باوجود بچوں کو بہترین تعلیم و تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے ایس آئی زوار حسین کو قواعد و ضوابط کے مطابق بچوں کی تعلیم کیلئے پنجاب پولیس ویلفیئر فنڈ سے سکالر شپ فراہم کی جائے گی، پولیس افسران اور ملازمین کے بچوں کو محکمہ کے ویلفیئر فنڈ سے سکالر شپس کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے،پولیس شہدا اور ملازمین کے ہونہار بچوں کو بیرون ملک اعلی تعلیم کے لئے فارن سکالرشپس بھی دے رہے ہیں۔