عراق اور شام کا بانیاس پائپ لائن کو دوبارہ فعال بنانے کے امکان کا جائزہ لینے پر اتفاق

بدھ 13 اگست 2025 16:34

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) عراق اور شام نے عراقی تیل کو شام کی سرزمین کے راستے برآمد کرنے کے لیے بانیاس پائپ لائن کو دوبارہ فعال بنانے کے امکان کا جائزہ لینے پر اتفاق کیا ہے۔اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق یہ اتفاق رائے بدھ کو بغداد میں عراقی نائب وزیراعظم و وزیر تیل حیان عبدالغنی السواد اور شامی وزیر توانائی محمد بشیر کے درمیان ہونے والی بات چیت میں طے پایا۔

مذاکرات میں مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو پائپ لائن کی موجودہ حالت کا معائنہ کرے گی اور اس کے ذریعے برآمدات دوبارہ شروع کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لے گی۔ اس سلسلے میں ایک بین الاقوامی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز بھی دی گئی تاکہ پائپ لائن کی آپریشنل تیاری، پمپنگ سسٹمز اور بحالی کی گنجائش کا تعین کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

عراقی وزارتِ تیل کے جاری بیان میں حیان عبدالغنی السواد نے کہا کہ عراق نے گیس سرمایہ کاری اور تیل ریفائننگ میں نمایاں پیشرفت کی ہے اور اس کا ہدف جنوبی راستوں سے برآمدات کی صلاحیت بڑھانا، ترک پائپ لائن کے ذریعے جیہان بندرگاہ سے برآمدات دوبارہ شروع کرنا اور شامی بانیاس پائپ لائن کے علاوہ لبنانی طرابلس پائپ لائن کے ذریعے برآمدات کے منصوبوں کا جائزہ لینا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بصرہ حدیثہ پائپ لائن منصوبے کی گنجائش 2.25 ملین بیرل ہوگی جو شامی پائپ لائن کے ذریعے برآمدی حجم کو یقینی بنائے گی۔\932