ڈپٹی کمشنر راوستہ محمدکی یومِ آزادی پر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ہدایات جاری

بدھ 13 اگست 2025 17:03

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر راوستہ محمدرزاق خان خجک نے یومِ آزادی پر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ہدایات جاری کر دیں ۔ اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کی مشترکہ میٹنگ میں عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور پروگراموں کے پُرامن انعقاد کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی اور چیکنگ کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے، اہم عوامی مقامات، سرکاری عمارتوں، گراؤنڈ اور تقریبات کے مقامات پر پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کے موقع پر ہونے والے فلیگ مارچ، ریلیوں اور سرکاری تقریبات کے دوران فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو اور میڈیکل ٹیمیں بھی الرٹ رہیں گی۔ڈپٹی کمشنر رزاق خان خجک نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جشن آزادی کے موقع پر قومی جذبے کا مظاہرہ کریں، ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق، 14 اگست کی تقریبات کو یادگار اور پُرامن بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔