وزیرداخلہ محسن نقوی کی شہید میجر رضوان طاہر کےوالد کرنل (ر) محمد طاہر اور دیگر اہلخانہ سے ملاقات

بدھ 13 اگست 2025 22:24

وزیرداخلہ محسن نقوی کی شہید میجر رضوان طاہر کےوالد کرنل (ر) محمد طاہر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید میجر رضوان طاہر کےوالد کرنل (ر) محمد طاہر اور دیگر اہلخانہ سے ملاقات کی ۔انہوں نے شہید میجر رضوان طاہر کے والدین اور بھائی میجر عثمان طاہر سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہید میجر رضوان طاہر کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی ۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید میجر رضوان طاہر کے والد کرنل (ر) محمد طاہر، والدہ اور بھائی میجر عثمان طاہر کے بلند حوصلے کو سراہا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ آپ شہید بیٹے کے با ہمت اور بلند حوصلہ والدین ہیں،آپ کا یہ حوصلہ اور عزم ہی قوم کی طاقت ہے، آپ کی عظمت کو سلام۔ انہوں نے مزید کہا کہ میجر رضوان طاہر نے بہادری سے بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور جام شہادت نوش کیا،شہید میجر رضوان طاہر قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی،شہداء کے خاندانوں کی لازوال قربانیوں کی قوم ہمیشہ مقروض رہے گی۔

(جاری ہے)

شہید میجر رضوان طاہر کے والد کرنل (ر) محمد طاہر نے کہا کہ بیٹے نے کئی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو لیڈ کیا اور متعدد دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔واضح رہے کہ میجر رضوان طاہر چند روز قبل مستونگ میں بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے آئی ای ڈی دھماکے میں شہید ہو گئے تھے۔