کمشنر ہزارہ کی زیر صدارت ہزارہ موٹروے کی مرمت کے کاموں میں پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کاانعقاد

بدھ 13 اگست 2025 20:10

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) ہزارہ موٹروے پر سڑک بیٹھنے اور ٹوٹ پھوٹ کے ازالے کے لیے جاری مرمتی کاموں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کمشنر ہزارہ ڈویژن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ یہ اجلاس پشاور ہائیکورٹ پشاور بینچ کے 3 جولائی 2025 کے احکامات کی روشنی میں بلایا گیا، جس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام سے بریفنگ لی گئی۔

(جاری ہے)

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جنرل منیجر نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ موٹروے کے مختلف حصوں میں مرمت اور بحالی کے کام جاری رہے، جن میں متعدد تکنیکی چیلنجز کا سامنا بھی کرنا پڑا۔اجلاس میں مرمتی کاموں کی رفتار، معیار، عدالتی احکامات پر عملدرآمد اور عوامی تحفظ سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ مون سون اور غیر معمولی بارشوں کی وجہ سے کاموں میں وقتی تاخیر ضرور ہوئی تاہم تمام مرمتی کام مقررہ وقت کے اندر مکمل کر لیے جائیں گے۔کمشنر ہزارہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ مرمتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور آئندہ کسی بھی ممکنہ مسئلے سے بچاؤ کے لیے موٹروے کی مستقل نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔