پنجاب غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کا پرکشش مقام بن گیا ہے،صوبائی وزیر صنعت و تجارت

بدھ 13 اگست 2025 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ کا دورہ کیا۔ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ چین کے سرمایہ کار گروپ چیلنج اپیرل کے چیئرمین وانگ بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال اور ان کی ٹیم نے چین کے گروپ کو سپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاری کے مواقع اور صنعتی انفراسٹرکچر بارے بریفنگ دی۔

چین کے گروپ نے قائد اعظم بزنس پارک میں صنعتی یونٹ لگانے کا عندیہ دے دیا۔صوبائی وزیر نے پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔ چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خصوصی اقتصادی زونز میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں،یہاں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کی سہولت موجود ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول کے باعث غیر ملکی سرمایہ کار پنجاب کو ترجیح دے رہے ہیں۔پنجاب غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کا پرکشش مقام بن گیا ہے۔سپیشل اکنامک زونز میں عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر موجود ہے۔چین کے سرمایہ کاروں کو ترجیحی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔وزیرصنعت و تجارت پنجاب نے کہاکہ چین کا گروپ قائد اعظم بزنس پارک میں کارخانہ لگائے،ضرورت کے مطابق زمین فراہم کریں گے۔

حکومتی اقدامات کے باعث پنجاب میں مزید کارخانے لگنے سے مقامی لوگوں کو روزگار مل رہا ہے۔ماہ ستمبر میں 13 نئے صنعتی یونٹس کی تعمیر شروع ہو جائے گی جو 2 سال میں مکمل ہوگی اور اگلے ماہ چین کی لیتھیئم بیٹریاں بنانے والی کمپنی بھی اپنا صنعتی یونٹس لگانا شروع کر دے گی۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ نئے کارخانے لگنے سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور معیشت بہتر ہوگی۔

صوبائی وزیرصنعت وتجارت نے سپیشل اکنامک زون میں ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال نے کہاکہ قائد اعظم بزنس پارک میں 50 فیصد ترقیاتی کام مکمل ہوچکے ہیں جبکہ باقی ماندہ ترقیاتی امور پر کام جاری ہے،یہاں 10 کارخانے پیدا وار دے رہے ہیں جبکہ 35 سے 40 فیکٹریاں تعمیر کے مراحل میں ہیں۔صوبائی وزیر نے چین کے سرمایہ کار گروپ کے ہمراہ سائٹ کا بھی معائنہ کیا۔