نیشنل بینک کی بلڈ ڈونیشن مہم 2025، چار شہروں میں کامیابی سے مکمل

یہ اقدام صحت عامہ، انسانی ہمدردی اور قومی خدمت کے حوالے سے بینک کے پختہ عزم کا عملی اظہار ہے، رحمت علی حسنی

بدھ 13 اگست 2025 15:20

نیشنل بینک کی بلڈ ڈونیشن مہم 2025، چار شہروں میں کامیابی سے مکمل
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی)نے انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے اشتراک سے کراچی، حیدرآباد، ملتان اور بہاولپور میں این بی پی بلڈ ڈونیشن مہم 2025 کامیابی سے منعقد کی۔ یہ اقدام صحت عامہ، انسانی ہمدردی اور قومی خدمت کے حوالے سے بینک کے پختہ عزم کا عملی اظہار ہے۔اس مہم کے دوران آگاہی سیشنز کے ساتھ ساتھ خون عطیہ کرنے کی سرگرمیاں بھی منعقد ہوئیں، جن میں این بی پی کے ملازمین نے رضاکارانہ طور پر بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

خون عطیہ کرنے والے ملازمین کو نہ صرف مفت طبی معائنہ فراہم کیا گیا بلکہ انہیں نو مہلک بیماریوں کی اسکریننگ کی سہولت بھی دی گئی، جن میں ہیپاٹائٹس بی و سی، ایچ آئی وی سمیت دیگر اہم ٹیسٹ شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس عمل نے این بی پی کی عوام سے وابستگی اور صحت عامہ کے شعبے میں کردار کو مزید اجاگر کیا۔نیشنل بینک کے صدر رحمت علی حسنی نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بطور قومی بینک، ہم سمجھتے ہیں کہ قیادت محض الفاظ سے نہیں بلکہ ہمدردی اور عملی اقدامات سے پہچانی جاتی ہے۔

یہ مہم صرف خون عطیہ کرنے کی نہیں، بلکہ ایک ایسی معاشرتی ثقافت کے فروغ کی کوشش ہے جو ہمدردی اور عوامی خدمت پر مبنی ہو۔ملک کے چار بڑے شہروں میں این بی پی ملازمین کی بھرپور شرکت اور اعلی قیادت کی عملی شمولیت نے اس مہم کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔نیشنل بینک کا یہ قدم نہ صرف ایک انسانی خدمت ہے بلکہ پبلک سیکٹر اداروں کے لیے ایک مثبت اور قابل تقلید مثال بھی پیش کرتا ہے، جس میں معاشرتی بھلائی اور قومی خدمت کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔