موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں ایک درجہ بہتری کر دی

بدھ 13 اگست 2025 22:47

موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں ایک درجہ بہتری کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی طویل المدتی کریڈٹ ریٹنگ کو سی اے اے ٹو سے بہتر کر کے سی اے اے ون کر دیا ہے اور آؤٹ لک کو "مستحکم" قرار دیا ہے۔بدھ کے روزعالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز ریٹنگز نے پاکستان کی مقامی اور غیر ملکی کرنسی کی خود مختار کریڈٹ ریٹنگ Caa2 سے بڑھا کر Caa1 کر دی ہے، جبکہ آؤٹ لک کو بھی مستحکم کر دیا گیا ہے۔

یہ پیش رفت بیرونی زرمبادلہ ذخائر میں بہتری، مالیاتی نظم و ضبط، اور آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اصلاحات پر تسلی بخش پیش رفت کی بنیاد پر ممکن ہوئی ہے۔موڈیز کا یہ اپ گریڈ عالمی سطح پر حکومتِ پاکستان کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ مضبوط زرمبادلہ ذخائر، مالیاتی خسارے میں کمی، اور محصولات کے دائرہ کار میں توسیع جیسے عوامل نے اس سنگِ میل کو ممکن بنایا جو کہ آئی ایم ایف ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی کے تحت جاری ملکی "اصلاحات کے ایجنڈے" کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

اس اپ گریڈ کے ساتھ، دنیا کی تینوں بڑی ریٹنگ ایجنسیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ کرتے ہوئے آؤٹ لک کو مستحکم قرار دیا ہے۔یہ تینوں اپ گریڈز انتہائی مختصر عرصے میں حاصل کیے گئے ہیں، اور بعض ریٹنگز گزشتہ تین سال کی بلند ترین سطح پر ہیں۔وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے اس موقع پر کہا کہ "یہ پیش رفت پاکستان کی معیشت کے استحکام اور درست سمت میں پیش رفت کا عالمی اعتراف ہے۔

یہ کامیابی پوری قوم کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے، اور ہمیں اپنے اصلاحاتی سفر کو مزید تیز کرنا ہے۔وفاقی وزیر نے یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اُبھرتا ہوا ہے، اور یہ کامیابی آنے والے دنوں میں معاشی ترقی کی رفتار کو مزید تقویت دے گی۔اس سے قبل 28 اگست 2024 کو موڈیز نے پاکستان کی مقامی اور غیر ملکی کرنسی کے جاری کنندہ اور سینیئر غیر محفوظ قرضوں کی ریٹنگ Caa3 سے بڑھا کر Caa2 کر دی تھی۔

جبکہ فروری 2024 میں عام انتخابات کے فوراً بعد سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث ریٹنگ Caa3 برقرار رکھی گئی تھی۔وزیرِ خزانہ کے مشیر خُرم شہزاد نے بدھ کو ملک کی خود مختار کریڈٹ ریٹنگ میں موڈیز کی جانب سے کی گئی بہتری پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جو حکومت کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے پر بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔

خُرم شہزاد نے کہاکہ چیلنجز ابھی باقی ہیں، تاہم یہ اعتراف اس بات کی توثیق کرتا ہے کہ پاکستان واضح طور پر زیادہ معاشی استحکام اور لچک کی طرف بڑھ رہا ہے۔خُرم شہزاد نے پوری قوم کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ اس لمحۂ مثبت پیش رفت پر میں پوری قوم کو جشنِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔یہ پیش رفت پاکستان کی معیشت کے لیے ایک حوصلہ افزا قدم ہے، جو عالمی مالیاتی برادری کے اعتماد کی تجدید کا اشارہ دیتی ہے۔