ورلڈ گیمز 2025 ، یواے ای نے ایک سونا اوردوچاندی کے تمغے جیت لئے

سعید الکبیسی نے 85 کلوگرام سے کم وزن کے مقابلے میں پرتگال، جنوبی کوریا اور سعودی عرب کے حریفوں کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا

جمعرات 14 اگست 2025 14:14

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)متحدہ عرب امارات کی قومی جیو جِٹسو ٹیم نے ورلڈ گیمز چینگدو 2025 میں جاری مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین تمغے اپنے نام کر لیے۔ سعید الکبیسی نے 85 کلوگرام سے کم وزن کے مقابلے میں پرتگال، جنوبی کوریا اور سعودی عرب کے حریفوں کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا۔مہدی الاولقی نے 77 کلوگرام سے کم وزن میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ محمد السویدی نے 69 کلوگرام سے کم وزن میں چاندی کا تمغہ جیتاہے۔

ورلڈ گیمز کا یہ 12واں ایڈیشن ہے جو 7 سے 17 اگست 2025 تک چینی شہر چینگدو میں جاری ہے، ان کھیلوں کا عالمی شوکیس سمجھا جاتا ہے جو ابھی تک اولمپک مقابلوں میں شامل نہیں۔ اس میں 118 ممالک کے تقریباً 5 ہزار کھلاڑی 34 کھیلوں میں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات جیو جِٹسو فیڈریشن کے نائب چیئرمین محمد سالم الظاہری نے کہا کہ یو اے ای میں جیو جِٹسو نے ہر سطح پر اپنی کامیابی ثابت کی ہے اور آج کا نتیجہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے کھلاڑی دنیا کے بہترین حریفوں کے خلاف بھی نمایاں کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے اس کامیابی کو فیڈریشن کی مسلسل کاوشوں اور کھلاڑیوں کی اعلیٰ سطح پر تیاری کا نتیجہ قرار دیا۔سونے کا تمغہ جیتنے والے سعید الکبیسی نے کہا کہ انہیں ابتدا سے ہی گولڈ جیتنے کا یقین تھا کیونکہ یہ گزشتہ چند ماہ کی سخت محنت اور تربیت کا فطری نتیجہ ہے۔ مہدی الاولقی نے کہا کہ اگرچہ فائنل مشکل تھا، لیکن انہوں نے آخری لمحے تک مقابلہ جاری رکھا اور چاندی جیت کر بھی مطمئن ہیں۔