ملک میں ڈیزل کی قیمت میں کمی اور پیٹرول مہنگا ہونے کا امکان

قیمتوں کے تعین کی حتمی ورکنگ اوگرا کی جانب سے 15 اگست کو وزارت خزانہ کو بھجوائی جائے گی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 14 اگست 2025 12:17

ملک میں ڈیزل کی قیمت میں کمی اور پیٹرول مہنگا ہونے کا امکان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست 2025ء ) آئندہ 15 روز کے لیے ملک میں ڈیزل کی قیمت میں کمی اور پیٹرول مہنگا ہونے کا امکان ہے، قیمتوں کے تعین کی حتمی ورکنگ اوگرا کی جانب سے 15 اگست کو وزارت خزانہ کو بھجوائی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر 16 اگست سے اگلے پندرہ روز کے لیے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کی توقع ہے، اس سلسلے میں متعلقہ حکام نے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11.75 روپے فی لیٹر کمی کا تخمینہ لگایا ہے تاہم پیٹرول کی قیمت میں 1.32 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 6.25 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 7.11 روپے فی لیٹر کی کمی ہوسکتی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل بڑی گراوٹ ہوئی ہے، گزشتہ 11 روز میں عالمی منڈی میں امریکی خام تیل 5 ڈالر 71 سینٹ سستا ہوچکا ہے، امریکی خام تیل کی فی بیرل ٹریڈ 69.26 ڈالر سے کم ہو کر 63.48 ڈالر پر آگئی جب کہ 11 روز میں برطانوی برینٹ کی فی بیرل قیمت میں 5 ڈالر 72 سینٹ کی کمی ہوئی ہے، برطانوی برینٹ 71.70 ڈالر سے کم ہو کر 65.98 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل 15 اگست کو کیا جائے گا، قیمتوں کے تعین کی حتمی ورکنگ اوگرا 15 اگست کو وزارت خزانہ کو بھجوائے گا، وفاقی حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے یا کم کرنے کی مجاز ہے، وزیر اعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری ہوگا، پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 16 سے 31 اگست تک رہے گا۔                                         

متعلقہ عنوان :