ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کی زیر صدارت ستھرا پنجاب مہم کے سلسلے میں سینی ٹیشن سروسز کمپنی کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کا انعقاد

جمعہ 15 اگست 2025 18:07

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کی زیر صدارت ستھرا پنجاب مہم کے سلسلے میں ساہیوال سینی ٹیشن سروسز کمپنی کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ اجلاس منٹگمری ہال میں منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اسامہ مجید چیمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس رانا اورنگزیب، اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد اور جاوید ممتاز ، ایس ڈی او پیرا نعمان قیصر اور ساہیوال سینی ٹیشن سروسز کمپنی کے افسران رضوان احمد اور صہیب طارق سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں بیٹ منصوبہ ساہیوال کے تحت شہری و دیہی علاقوں میں گھر گھر صفائی کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کوڑا کرکٹ گھر گھر جمع کرنے کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور اس کا وقت متعلقہ گلی یا محلے کے مکینوں کو پیشگی معلوم ہو تاکہ وہ مقررہ وقت پر گھروں کا کوڑا کرکٹ باہر رکھ دیں ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں شہریوں میں صفائی کی اہمیت سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے مؤثر مہم چلانے کی بھی ہدایت کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مختلف علاقوں میں صفائی کے عملے کا ٹولیوں کی صورت میں اکٹھے ہونا سپروائزرز کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے اور اس روش کو ختم کرتے ہوئے ہر ورکر کو اپنے علاقوں میں مؤثر ڈیوٹی انجام دینے کا پابند بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ستھرا پنجاب مہم کو کامیاب بنانے کے لیے کچرے کی بروقت صفائی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور شہری و دیہی علاقوں میں صفائی کے عمل کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائےاورکوتاہی برتنے والے عملے کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :