سردارایازصادق کا خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیلابی ریلے سے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

جمعہ 15 اگست 2025 18:07

سردارایازصادق کا خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیلابی ریلے سے جانی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع خصوصاََ ضلع بونیر میں سیلابی ریلے سے 78 اور صوبے بھر میں کل 146 افراد کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اپنے ایک تعزیتی بیان میں انہوں نےکہا کہ خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں کے باعث مختلف سانحات میں 146 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دل رنجیدہ ہے، مشکل وقت میں خیبرپختونخوا کی عوام اور حکومت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں، مختلف سانحات میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔

سپیکر نے کہا کہ متاثرین کے کرب اور مشکلات کا مکمل ادراک ہے، مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کی مدد کی ضرورت ہے، عوام بالخصوص نوجوان متاثرین کی مدد کیلئے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، مشکل وقت میں خیبرپختونخوا کی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ غمزدہ خاندانوں کو صبر و حوصلہ دے۔