اتنی کمزور انگلیاں ہماری بھی نہیں کہ مریم نواز کے ہاتھ میں توڑنے کیلئے دے دیں گے

پنجاب کسی ایک سیاسی جماعت کا صوبہ نہیں، ہاتھ پاؤں توڑنے والی باتیں اچھی نہیں لگتیں، پیپلزپارٹی گالیاں اور جوتے کھانے کیلئے حکومت کے ساتھ نہیں ہے۔ سینیٹر پلوشہ خان کا مریم نواز کو جواب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 2 اکتوبر 2025 23:55

اتنی کمزور انگلیاں ہماری بھی نہیں کہ مریم نواز کے ہاتھ میں توڑنے کیلئے ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 02 اکتوبر 2025ء ) پیپلزپارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان نے کہا ہے کہ اتنی کمزور انگلیاں ہماری بھی نہیں کہ مریم نواز کے ہاتھ میں توڑنے کیلئے دے دیں گے، پنجاب کسی ایک سیاسی جماعت کا صوبہ نہیں، ہاتھ پاؤں توڑنے والی باتیں اچھی نہیں لگتیں۔ انہوں نے سماء نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات ٹھیک ہے کہ ہم حکومت میں مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں، ہماری وجہ سے ان کے نمبرز پورے ہوئے ہیں، اس کا یہ مطلب نہیں کہ گالیاں اور جوتے کھانے کیلئے ساتھ ہیں۔

2008میں جب محترمہ بے نظیر بھٹو شہید ہوئیں تو میاں نوازشریف الیکشن چھوڑ کر جارہے تھے تب آصف زرداری ان کو الیکشن میں واپس لے کر آئے۔ 2014میں آصف زرداری خود جاتی گئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب کسی ایک سیاسی جماعت کا صوبہ نہیں ، پنجاب ن لیگ یا پی ٹی آئی کا نہیں ، اسی طرح سندھ پر بھی کسی ایک جماعت کی اجارہ داری نہیں ہے۔ حکومت پر تنقید ہونا کوئی بڑی بات نہیں ، ہاتھ پاؤں توڑنے والی باتیں اچھی نہیں لگتیں۔

دریائے سندھ کے پر پانی پر مریم نوازاگر بھارت کو کہیں تو پھر ہم کہیں گے سچ کہتی ہیں۔ اس موقع پر رہنماء پی ٹی آئی شہریار آفریدی نے کہا کہ ہم نے اپنے گھر کو ٹھیک کرنا ہے، پارلیمنٹ کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اینگیج کریں، اس وقت ملک میں سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز میری بہن ہیں، میری صوبہ میرا پانی، یہ پاکستان سب کا ہے، یہ پنجاب سب کا ہے! حکومت میں تکبر آگیا ہے بھارت شکست کھا گیا ہے، ٹرمپ اور سعودیہ ان کو گلے لگا رہے ہیں۔

حکومت نہ پیپلزپارٹی پر بریک لگا رہی ہے نہ عوام پر بریک لگا رہی ہے! خدا کے لیے ہوش کے ناخن لیں۔ تکبر تباہی کا پہلا قدم ہوتا ہے۔ دوسری جانب وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ میں 17 سالہ دور حکومت کے باوجود 17 عوامی فلاحی منصوبے بھی نہیں گنوا سکتی، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صرف ڈیڑھ سال میں 90 منصوبے شروع کیے جن میں سے 50 مکمل ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے عوامی خدمت کے کئی انقلابی منصوبے متعارف کرائے ہیں جن میں اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت 90 ہزار گھر، 80 ہزار اسکالرشپس، کسانوں میں ساڑھے 9 ہزار ٹریکٹرز کی تقسیم، طلبہ کو 27 ہزار الیکٹرک بائیکس اور جدید ترین لیپ ٹاپس کی فراہمی شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہزار بیڈ کا کینسر ہسپتال، کارڈیالوجی ہسپتال، الیکٹرک بسیں اور مفت ادویات کی سہولت بھی پنجاب کے عوام کے لیے دی جا رہی ہے۔