صوبائی حکومت سیاحتی مقامات کے قدرتی ماحول کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے،سیکرٹری سیاحت و ثقافت خیبرپختونخوا

جمعہ 15 اگست 2025 18:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) صوبائی سیکرٹری سیاحت و ثقافت ڈاکٹر عبدالصمد نے سوات کے معروف سیاحتی مقام کالام کا دورہ کیا اور مختلف ہوٹلوں کے سیوریج سسٹمز کا تفصیلی معائنہ کیا۔یہ دورہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے احکامات کی روشنی میں کیا گیا۔ اس موقع پر اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران بھی سیکرٹری سیاحت کے ہمراء تھے۔

دورے کے دوران سیکرٹری سیاحت و ثقافت خیبرپختونخوا ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا کہ دریائے سوات خطے کے قدرتی حسن کا جھومر ہے اور اس کی خوبصورتی کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور، مشیر سیاحت و ثقافت اور چیف سیکرٹری کی ہدایات کے مطابق سیاحتی مقامات پر قدرتی ماحول کی بحالی اور بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عبدالصمد نے مزید کہا کہ اتھارٹی ایکٹ کے تحت تمام متعلقہ فریقین پر لازم ہے کہ وہ قواعد و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنا کر سیاحت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ اُنہوں نے قدرتی حسن کے تحفظ کے لیے خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور آپریشن کرنے کی بھی ہدایت کی۔اس موقع پر سیکرٹری سیاحت نے اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو سوات میں مختلف ایونٹس منعقد کرنے سیاحوں کے لیے نئے مقامات تک رسائی فراہم کرنے اور جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دی۔

اُنہوں نے اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔دورے کے دوران سیکرٹری سیاحت و ثقافت نے کالام ہوٹلز ایسوسی ایشن کے صدر اور دیگر عمائدین سے ملاقات کی، ان کی تجاویز غور سے سنیں اور ان پر جلد عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔