ریلیف اور ریسکیو ٹیمیں دن رات سیلاب و بارش سے متاثرہ علاقوں میں کام کر رہی ہیں، نیک محمد خان داوڑ

جمعہ 15 اگست 2025 18:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریلیف، ملک نیک محمد خان داوڑ نے ریسکیو، پی ڈی ایم اے اور سول ڈیفنس کے حکام و اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ سیلاب اور طوفانی بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں فوری اور بھرپور ریلیف اور ریسکیو سرگرمیاں جاری رکھی جائیں۔ معاون خصوصی خود تمام ریسکیو آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ متاثرہ عوام کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایات پر صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر فوری طور پر ضلع بونیر روانہ کیا گیا تاکہ مہمند میں چھتوں پر پھنسے افراد کو محفوظ طریقے سے نکالا جا سکے۔ دیر لوئر کے علاقے میدہ میں سیلابی ریلے میں پھنسے دو بچوں کو ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی سے بحفاظت نکال لیا گیا، جس سے ان کی جان بچ گئی۔

(جاری ہے)

ملک نیک محمد خان داوڑ نے ریسکیو ٹیموں اور ضلعی انتظامیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی پر اظہارِ تحسین کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ حکام کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ سیلاب اور بارشوں کے دوران کسی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔

صوبائی حکومت کے پاس صرف دو ہیلی کاپٹر دستیاب ہیں، جنہیں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ بڑے ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 کو بھی امدادی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایمبولینسز اور دیگر ضروری مشینری بھی متاثرہ علاقوں میں سرگرمی کے لیے استعمال میں ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی ملک نیک محمد خان داوڑ نے کہا کہ ریلیف اور ریسکیو ٹیمیں دن رات متاثرہ علاقوں میں کام کر رہی ہیں، اور عوام کی حفاظت اور مدد ان کی اولین ترجیح ہے۔ وہ خود ہر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر رہے ہیں کہ متاثرین تک فوری اور بروقت امداد پہنچائی جائے۔

متعلقہ عنوان :