ٴْآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی یوم آزادی پر بہترین سکیورٹی انتظامات پر فورس کو شاباش

)آئی جی پنجاب کی یوم آزادی تقاریب کے پر امن انعقاد پر سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو شاباش،دیگر سینئر افسران کی کاکردگی کو سراہا،

جمعہ 15 اگست 2025 20:50

*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2025ء) انسپکٹر جنر ل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے یوم آزادی پر بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر فورس کو شاباش دی ہے ۔ آئی جی پنجاب نے یوم آزادی تقاریب کے پر امن انعقاد پر سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو شاباش دی۔انھوں نے کہا کہ آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز سمیت سینئر افسران نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

جشن آزادی پر ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ سمیت مختلف قانون شکنی پر پنجاب پولیس کا سخت کریک ڈاؤن جاری رہاہے۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں 277 قانون شکن عناصر کو گرفتار کر کے 249 مقدمات درج کیے گئے۔ صوبہ بھر میں ون ویلنگ پر 162 ملزمان گرفتار کر کے 147 مقدمات درج کیے گئے۔ ہوائی فائرنگ پر 13 ملزمان گرفتاراور 13ہی مقدمات درج کیے گئے۔ سائلنسر موڈیفیکیشن سمیت دیگر خلاف ورزیوں پر 102 ملزمان گرفتار اور 89 مقدمات درج کیے گئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مختلف خلاف ورزیوں پر 92 قانون شکن گرفتار اور 89 مقدمات درج کیے گئے۔ آئی جی پنجاب نے جشن آزادی پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی پر بلا تفریق کاروائی کے احکامات جاری کئے تھے۔