ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی زیر صدارت فصل کی باقیات جلانے کے تدارک کے حوالہ سے اجلاس

ہفتہ 16 اگست 2025 16:05

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباء اصغر علی کی زیر صدارت فصل کی باقیات جلانے کے تدارک اور ماحول دوست کاشتکاری کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کے جائزہ کیلئے اجلاس منعقد ہوا ۔ ہفتہ کو منعقدہ اجلاس میں محکمہ زراعت، تحفظ ماحولیات، موٹر وے پولیس، پنجاب بینک کے مقامی حکام اور چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع سیالکوٹ سجاد حیدر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع رانا سلیم شادبھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ فصل کی باقیات جلانے پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے والے کسانوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ سپر سیڈرز اور زیرو ٹیلج مشینری کے استعمال کو فروغ دیا جائے جبکہ کسان کارڈ اور وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے زرعی آلات کی سبسڈی پر فراہمی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے۔اجلاس میں کسانوں کے لیے آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ ماحول دوست کاشتکاری کو فروغ دیا جا سکے اور زمین کی زرخیزی کو برقرار رکھا جا سکے۔