مصر، رکاوٹوں کے باوجود غزہ میں 45 ہزار سے زیادہ امدادی ٹرکوں کی ترسیل

اب تک 1022 طیارے اتر چکے ہیں جن پر 27,247 ٹن امداد موجود تھی،حکام

ہفتہ 16 اگست 2025 16:06

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)مصر پر رفح کراسنگ بند کرنے اور غزہ کے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کرنے کے الزامات کے جواب میں مصری فوجی ترجمان بریگیڈیئر جنرل غریب عبدالحافظ نے ایک ویڈیو جاری کی جس میں غزہ کی پٹی کو انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے مصر کی مسلسل کوششوں کو اجاگر کیا گیا۔غریب عبد الحافظ نے بتایا کہ غزہ کے لیے بین الاقوامی امداد العریش ہوائی اڈے سے شروع ہوتی ہے جہاں اب تک 1022 طیارے اتر چکے ہیں جن پر مختلف ممالک سے 27,247 ٹن سے زیادہ بین الاقوامی امداد موجود تھی۔

العریش بندرگاہ پر 32 بحری جہاز بھی پہنچے جن پر تقریبا 74,779 ٹن امدادی سامان تھا۔فوجی ترجمان نے گزشتہ سال اسرائیل کے کنٹرول سے پہلے غزہ جانے والی امداد کے راستے کی بھی وضاحت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا امداد رفح سرحدی کراسنگ کی طرف جاتی تھی اور وہاں سے العوجہ کراسنگ اور پھر معائنہ کے لیے نتسان کراسنگ کی طرف جاتی تھی۔ معائنہ کے عمل میں 18 سے 24 گھنٹے لگتے تھے پھر امداد فلسطینی ہلال احمر کے ذریعے رفح کراسنگ سے غزہ کی پٹی میں داخل ہوتی تھی۔

فوجی ترجمان نے انکشاف کیا کہ 7 مئی 2024 کو فلسطینی جانب سے رفح کراسنگ پر اسرائیل کے قبضے کے بعد زندگی کی یہ اہم شریان بند ہو گئی۔ اسرائیل نے فلسطینی جانب سے رفح کراسنگ کو تباہ کر دیا جس کی وجہ سے طیارے سے امداد گرانے اور کرم ابو سالم کراسنگ پر انحصار بڑھ گیا۔فوجی ترجمان نے امداد کے داخلے پر اسرائیلی پابندیوں کی بھی نشاندہی کی جس کی تصدیق دنیا کے کئی ممالک اور انسانی تنظیموں نے کی ہے۔ ان میں 100 سے زیادہ غیر سرکاری امدادی تنظیمیں شامل ہیں۔ انہوں نے پابندیوں کے باوجود غزہ کے لوگوں کے لیے مصر کی مسلسل حمایت پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :