سندھ ہائیکورٹ،جونیئرٹیچرزکی او پی ایس پرہیڈماسٹر کی پوسٹ پر تقرری،سندھ حکومت، محکمہ تعلیم سندھ اور دیگر کو نوٹس جاری ،2 ہفتوں میں جواب طلب

ہفتہ 16 اگست 2025 17:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے جونیئر ٹیچرزکی او پی ایس پرہیڈماسٹر کی پوسٹ پر تقرری کیخلاف درخواست پرسندھ حکومت، محکمہ تعلیم سندھ اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 2 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں جونیئرٹیچرز کی او پی ایس پر ہیڈ ماسٹر کی پوسٹ پر تقرری کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

درخواستگزار کے وکیل ملک الطاف جاوید نے موقف دیا کہ عدالت نے او پی ایس پر عہدوں پر تقرریوں کو غیر قانونی قرار دے رکھا ہے۔ محکمہ تعلیم نے سینئر اساتذہ کے باوجود جونیئر ٹیچرز کو ہیڈ ماسٹرز کے عہدوں کا چارج دے دیا ہے۔سینئر اور اہل اساتذہ کے باوجود جونیئر پی ایس ٹیزکو ہیڈ ماسٹر تعینات کرنا خلاف قانون ہے۔عدالت نے سندھ حکومت، محکمہ تعلیم سندھ اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 2 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔ فریدہ شمسہ، عبد الباسط اور دیگرنے او پی ایس پر ہیڈ ماسٹر کی تقرری کو چیلنج کررکھا ہے۔