جانور ماحولیاتی توازن کا اہم جزو ، ان کی فلاح مشترکہ ذمہ داری ہے،ڈی ڈی سوشل ویلفیئر

ہفتہ 16 اگست 2025 19:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چوہدری محمد شریف گھمن نے کہا ہے کہ جانور معاشرتی ماحولیاتی توازن کا لازمی حصہ ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ نہ صرف انسانی ہمدردی کا تقاضا ہے بلکہ ایک مہذب معاشرے کی پہچان بھی ہے۔ بے گھر جانور بھوک، پیاس، بیماریوں اور موسمی شدت کا شکار رہتے ہیں اور بعض اوقات انسانی بے حسی کی وجہ سے ظلم و ستم سہنے پر بھی مجبور ہوتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے آدم حوا ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر انتظام بے گھر جانوروں کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح آج یہاں بے گھر جانوروں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب منعقد کرنے کا مقصد عوام میں یہ شعور بیدار کرنا ہے کہ بے سہارا جانور بھی زندگی کے بنیادی حقوق رکھتے ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اجتماعی سطح پر اقدامات کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں آدم حوا ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کثیر تعداد میں موجود تھے۔ چوہدری محمد شریف گھمن نے کہا کہ حکومت اور سماجی تنظیموں کو مل کر ایسے پروگرام ترتیب دینے چاہییں جن کے ذریعے عوام میں آگاہی بڑھائی جا سکے اور جانوروں کی دیکھ بھال کے حوالے سے مثبت رویے پروان چڑھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف سوشل ویلفیئر اس سلسلے میں این جی اوز، ویٹرنری اداروں اور سول سوسائٹی کے ساتھ اشتراک عمل کے ذریعے ایک جامع حکمت عملی تیار کر رہا ہے تاکہ نہ صرف بے گھر جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے بلکہ انہیں مستقل طور پر سہارا فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات بھی کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جانور بھی جاندار ہیں اور ان کا بھی جینے کا حق ہے، اگر ہم ان کے ساتھ محبت اور ہمدردی کا رویہ اپنائیں گے تو یہ نہ صرف ہمارے ماحول کے توازن کو بہتر بنائیں گے بلکہ انسانی جذبات میں نرمی، قربانی اور ایثار کو بھی فروغ دیں گے۔

آخر میں انہوں نے شرکاء سے اپیل کی کہ معاشرے کے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے بے گھر جانوروں کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ہم ایک ایسا ماحول قائم کر سکیں جو انسانوں اور جانوروں دونوں کے لیے خوشگوار اور محفوظ ہو۔

متعلقہ عنوان :