6 سالہ بچی سے نازیبا حرکات کے ملزم کی ضمانت خارج ، احاطہ عدالت سے گرفتار

جمعرات 2 اکتوبر 2025 16:45

6 سالہ بچی سے نازیبا حرکات کے ملزم کی ضمانت خارج ، احاطہ عدالت سے گرفتار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے 6سالہ بچی سے نازیبا حرکات کے ملزم کی ضمانت خارج کردی ، جس کے بعد عدالت سے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔جسٹس چوہدری سلطان محمود نے ملزم شہروز علی کی عبوری درخواست پر سماعت کی۔ملزم شہروز علی اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوا جبکہ پراسیکیوشن کی جانب سے ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر حماد افتخار سید عدالت میں پیش ہوئے۔

پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کے خلاف تھانہ ساندہ میں 6سالہ بچی سے نازیبا حرکات کرنے کا مقدمہ درج ہے۔ متاثرہ بچی نے دفعہ 164کے بیان میں ملزم کو واضح طور پر نامزد کیا ہے اور اپنے بیان میں کہا کہ ملزم نے اس کے ساتھ غلط حرکت کی۔سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس کیس میں دو الگ الگ تفتیشیں ہوئیں اور دونوں تفتیشوں میں ملزم کو قصوروار قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا کہ اس مقدمے کی کم از کم سزا 14 سال اور زیادہ سے زیادہ 25سال ہے۔دوسری جانب وکیل صفائی نے دلائل دیئے کہ مدعیہ اور ملزم آپس میں رشتہ دار ہیں اور ان کے درمیان جائیداد کا تنازعہ چل رہا ہے۔ مدعیہ نے پراپرٹی ہتھیانے کے لیے جھوٹا مقدمہ درج کروایا ہے۔عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی عبوری ضمانت خارج کر دی، جس کے بعد ساندہ پولیس نے ملزم کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔